تازہ ترین

شب برأت | کورونا صورتحال کے مدنظر سرینگر میں اجتماعات پر پابندی

ضلع انتظامیہ کی طرف سے حکمنامہ جاری | خلاف ورزی کرنے والوں کو کاروائی کا انتبا ہ

8 اپریل 2020 (50 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر// وادی میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے بیچ شب برات پر انتظامیہ نے بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کی ہے ۔ اسلامی کلینڈر کے مطابق عالم اسلام میں14شعبان المعظم کو شب برات کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔کوروناوائرس سے پید ا شدہ صورتحال کے مدنظر ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے سرینگر میں شب برات کے مقدس موقعہ پر تمام مذہبی اجتماعات اور عوامی نقل و حمل پر پابندی کے احکامات جاری کئے ہیں۔حکمنامے میںکہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں 8 اور 9 اپریل کی درمیانی رات کے دوران جاری رہیں گی۔اِس سلسلے میں حکمنامے کی خلاف ورزی کی پاداش میں متعلقہ لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 
 

ائمہ حضرات مساجد میں لائوڈ اسپیکر استعمال کریں :مفتی اعظم

 بلال فرقانی 

سرینگر //مفتی اعظم ناصر الاسلام نے ائمہ کرام کو مشورہ دیا ہے کہ مساجدکے لائوڈ اسپیکروں سے درود و اذکار اور ختمات المعظمات بلند آواز میں پڑیں اورلوگ سماجی دوری اختیار کرکے اپنے گھروں یا صحنوں میں شب خوانی کریں ۔شب خوانی کے دوران مسلمان مساجد،خانقاہوںاور آستانوں کے علاوہ گھروں میں دورود و اذکار،قران خوانی اور ختمات المعظمات کی مجالس کا انعقاد کرکے اللہ کے حضور گناہوں کی بخشش کیلئے دست بہ دعا ہوتے ہیں۔ اس دوران مفتی اعظم،مفتی ناصر الاسلام نے کہاہے کہ محکمہ صحت کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے جو ہدایات جاری کی  ہیں،ان پر لوگوں کو عمل کرنا چاہئے۔انہوں نے تاہم ائمہ مساجد و خطباء حضرات کو مشورہ دیا ہے کہ بدھ کو نماز مغرب سے توبہ واستغفار کریں اور لوگ اپنے گھروں یا صحنوں میں جمع ہوکر اور اس عالمی وباء سے نجات کیلئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دست بہ دعا ہوں۔