تازہ ترین

شرما نے کلسٹر یونیورسٹی جموں کا جائیزہ لیا

ڈیجیٹل تدریسی عمل شروع کرنے کی سراہنا

تاریخ    5 اپریل 2020 (00 : 01 AM)   


جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کلسٹر یونیورسٹی جموں کی وائس چانسلر پروفیسر انجو بھسین کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے یونیورسٹی کے تدریسی منظر نامے اور سال 2020-21 کیلئے داخلے کے عمل کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر مشیر موصوف نے یونیورسٹی کی جانب سے ڈیجیٹل تدریسی عمل شروع کرنے کی سراہنا کی جس کے ذریعے طالب علم اور فیکلٹی ممبران آپس میں رابطہ کر سکتے ہیں ۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کے کے شرما نے یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور دیگر عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے علاوہ موجودہ صورتحال میں طالب علموں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اُن کی تعریف کی ۔ انہوں نے یونیورسٹی حکام پر زور دیا کہ وہ اپنے ڈیجیٹل پروگراموں کو شائع کریں تا کہ طالب علم ان سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں ۔ انہوں نے تدریسی عملے پر زور دیا کہ وہ آئی سی ٹی کے استعمال کو ایک معمول بنائیں ۔ وائس چانسلر نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی سکول اور اس سے منسلک پانچ کالجوں کے طالب علموں کیلئے ڈیجیٹل مہم شروع کی گئی ہے تا کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران اپنا سلیبس مکمل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی گوگل کلاس روم اور زوم کلاؤڈ کے ذریعے کورس میٹریل دستیاب کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی اکیڈمک باڈی اوپن لائین کورسز شروع کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ ویڈیو کانفرنسنگ کی اس میٹنگ میں ڈین اکیڈمک افئیرز پروفیسر بوپندر سنگھ ، رجسٹرار ڈاکٹر جتندر کھجوریہ کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران یونیورسٹی کے سال 2020-21 کیلئے داخلے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ 

تازہ ترین