تازہ ترین

کووِڈ ۔19: مشیربصیر احمد خان نے صورتحال کا جائزہ لیا

وادی میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کی جانکاری حاصل کی

4 اپریل 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

 جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے یہاں ایک میٹنگ طلب کر کے کووِڈ ۔19 کی صورتحال اور ضروری اشیاء کی دستیابی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر کشمیر ، آئی جی کشمیر اور صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔آئی جی ٹریفک اور ایس ایس پی قومی شاہراہ بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ کے دوران افسروں نے کشمیر صوبے کے مختلف مقامات پر قائم کئے گئے لنگروں اور شلٹروں کی تفصیلات دیں۔اس موقعہ پر وادی کے مختلف علاقوں خصوصاً ریڈ زونز میں ضروری اشیاء کی تقسیم کاری اور فراہمی کے بارے میں تفصیلات دی گئیں۔ڈپٹی کمشنروں نے مشیر موصوف کو جانکاری دی کہ کسی بھی ضلع میں ضروری اشیاء کی کوئی کمی نہیں ہے اور لاک ڈاون کو مؤثر طور عملایا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا رہنما خطوط کے تحت ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ وادی میں ادویات اور تین لیئر والی ماسکوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ اس موقعہ پر مزید بتایا گیاکہ مہاجر مزدوروں کو غذائی اجناس کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔میٹنگ میں کورنٹین مراکز میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔مشیر موصوف نے صوبائی کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا اُن مریضوں کی تفصیلی فہرست تیار کریں جن کو ادویات کی ضرورت ہے تاکہ انہیں ضروری ادویات فراہم کرائی جاسکے۔مشیر نے ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ وہ ضروری اشیاء لانے والی گاڑیوں کوچلنے کی اجازت دیں۔اُنہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ کووڈ۔19کے معاملات پر کڑی نگرانی رکھیں تاکہ وائرس کے مزید پھیلائو کو روکا جاسکے۔بصیر احمد خان نے کورنٹین مراکز کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے ڈپٹی کمشنروں کوہدا یت کہ وہ لوگوں کو اُن کی دہلیز پر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اِنتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ انفیکشن کے پھیلائو پر قابو پایا جاسکے۔مشیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ موجودہ صورتحال میں مختلف محکموں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔