سونیا کی کانگریسی کارکنوں سے پارٹی کا قرض ادا کرنے کی اپیل

تاریخ    14 مئی 2022 (00 : 01 AM)   


 ادے پور//یو این آئی// کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی لیڈروں سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس نے اپنے تمام کارکنوں کو بہت کچھ دیا ہے ، اس لیے اب پارٹی کا قرض ادا کرنے کا وقت آگیا ہے اور سب کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔ جمعہ کو ادے پور میں منعقد پارٹی کے چنتن شیویر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ گاندھی نے کہا کہ پارٹی کی طویل اور سنہری تاریخ میں آج وقت آگیا ہے کہ پارٹی کے لوگ ذاتی خواہشات کو تنظیم کے مفادات سے جوڑ کر پارٹی کا قرض ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کیسے مضبوط ہو، اس کے لیے ہمیں اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرنا ہوگا تاکہ یہاں سے تنظیم کی مضبوطی، عزم اور اتحاد کا مضبوط پیغام جائے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو مضبوط بنانے میں پارٹی کارکنوں کا اہم تعاون ہے ۔ انہوں نے کہا ‘‘میں جانتی ہوں کہ ہمارے بہت سے ساتھی یہاں آکر اس چنتن شیویر میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ہمیں تعداد کو محدود کرنا پڑا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اس بات کو سمجھیں گے اور اس کا یہ مطلب نہیں کہ تنظیم کو مضبوط بنانے میں ان کا تعاون کسی سے کم ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مودی حکومت تاریخ کے نام پر جھوٹ بول رہی ہے اور ہمارے عظیم لیڈروں بالخصوص پنڈت جواہر لال نہرو کو بدنام کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ بی جے پی ان کے تعاون، ان کی کامیابیوں اور قربانیوں کو ایک سوچھی سمجھی حکمت عملی کے تحت کم تر دکھانے یا تردید کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، اس کا مقصد بابائے قوم مہاتما کے قاتلوں اور اپنے نظریاتی کی تعریف کرنا ہے ۔محترمہ گاندھی نے کہا کہ پارٹی کو نہ صرف زندہ رہنے کے لیے بلکہ آگے بڑھنے کے لیے وقتاً فوقتاً تبدیلیاں لانی پڑتی ہیں اور اس وقت پارٹی کو اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ، اس لیے حکمت عملی میں تبدیلی لانا ضروری ہے ۔ ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور کام، کانگریس کے طریقوں میں تبدیلیاں لا کر اجتماعی کوشش کے ساتھ پارٹی کی بحالی کے لیے کام کرنا تاکہ کانگریس نئی توانائی، نئے عزم اور نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ سکے ۔
 
 

تازہ ترین