تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    28 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


 برفباری و بارشوں سے رابطہ سڑکیں، گلی کوچے، پگڈنڈی راستے و نکاسی نظام تباہ 

ڈی ڈی سی کونسلروں و بی ڈی سی چیئرپرسنوں نے نقصانات کی بھرپائی کا مطالبہ کیا 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //حالیہ دنوں کی شدید برفباری و بارشوں سے جہاں ڈوڈہ ضلع میں شہر و گام کی رابطہ سڑکیں ،گلی کوچے خستہ حال ہوئے ہیں اور نکاسی نظام غیر فعال بن چکا ہے وہیں سینکڑوں تعمیرات کو بھی جزوی و کلی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ،بھلیسہ ،کاہرہ ،بونجواہ ،گندنہ ،گھٹ ،بھالہ ،چرالہ ،فیگسو،بھیلہ ،مرمت ،عسر ،کاستی گڑھ، بھاگواہ و دیگر علاقوں سے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رواں ماہ کی شدید برفباری و بارشوں سے بڑے پیمانے پر پھلدار درختوں، زرعی اراضی کے ساتھ ساتھ رہائشی و غیر رہائشی تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے اور کئی غریب کنبے بے گھر ہوئے ہیں۔سابق ایم ایل سی شام لال بھگت نے کہا کہ مسلسل برفباری و بارشوں سے رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں پکڈنڈی راستے، نکاسی نظام و گلی کوچے تباہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کر کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معقول مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک ،ڈی ڈی سی کونسلر چنگا ندیم شریف نیاز، ڈی ڈی سی کونسلر بھلیسہ چوہدری محمد اقبال کوہلی، بی ڈی سی چیئرمین کاہرہ فاطمہ چوہدری،بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر ،بی ڈی سی چیئرمین جکیاس امینہ بیگم، بی ڈی سی چیئرمین چلی مخو بیگم، بی ڈی سی چیئرمین گندنہ سرشاد نٹنو نے بھی گذشتہ دنوں ہوئی برفباری و بارشوں سے ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ کنبوں کی امداد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے پگڈنڈی راستوں، نکاسی نظام و گلی کوچوں کی ترجیح بنیادوں پر مرمت کرنے کی بھی مانگ کی ہے۔
 

ڈوڈہ ضلع میں منشیات مخالف کارروائیوں میں تیزی 

ماہ جنوری میں5 ایف آئی آر درج، 5 منشیات فروش گرفتار،لوگوں سے تعاون طلب 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پولیس نے ضلع میں منشیات مخالف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے رواں ماہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 5 ایف آئی آر درج کر کے پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق تھانہ پولیس گندوہ میں ایک منشیات فروش جمعرات کو شری کانت ولد غریب داس ساکنہ انگنول کو گرفتار کر کے ایف آئی آر زیر نمبری 4/2022زیردفعہ 8/20این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کی گئی ہے وہیں بھدرواہ پولیس تھانہ میں منشیات مخالف کارروائیوں میں تین مقدمات درج کر کے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جس میں 1 جنوری کو ایف آئی آر زیر نمبری 1/2022زیردفعہ8/20NDPS ایکٹ ،6 جنوری کو ایف آئی آر زیر نمبری 08/2022،U/S 8/20و 20 جنوری ایف آئی آر زیر نمبری 12/2022,U/S 8(a)21/22NDPSایکٹ کے تحت معاملات درج کئے گئے ہیں۔وہیں ضلع صدر تھانہ ڈوڈہ میں 11 جنوری کو ایف آئی آر 8/2022زیردفعہ 8/15NDPS ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر کے سلیندر کمار ولد ہنس راج ساکنہ چکرابتی کو گرفتار کیا ہے۔ ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم کی قیادت میں پچھلے ایک ماہ سے جاری منشیات مخالف کارروائیوں کو عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر سراہا جارہا ہے۔ایس ایس پی ڈوڈہ نے  منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے میں پولیس کو اپنا مکمل تعاون دینے کی لوگوں و سیول سوسائٹی سے اپیل کی ہے۔
 
 

ڈاکخانہ بانہال میں آ تشزدگی واردات

محمد تسکین
 بانہال // ڈاکخانہ بانہال کی چھت والی  اوپری منزل میں جمعرات کی صبح قریب گیارہ بجے آگ کی واردات رونما ہوئی تاہم محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی بانہال کی بروقت کاروائی سے آگ کو چھت سے نیچے اور اس آس پاس کی چنار گلی مارکیٹ تک پھیلنے سے روکا گیا۔ آگ سے اوپری منزل کو نقصان پہنچا ہے اور وہاں رکھا کچھ فرنیچر جل گیا ۔ قصبہ کے وسط میں پوسٹ آفیس میں آگ کی اطلاع ملتے پولیس حکام اور بانہال کے رضاکار جائے واردات پر پہنچے اور فائر سروس محکمہ بانہال کے اہلکاروں کی فوری کارروائی سے آگ کو پھیلنے سے روکا گیا۔پوسٹ آفیس بانہال کے ایک اہلکار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ ڈاکخانہ کی ٹین کی شیٹوں کے نیچے چھت پر لگی تھی لیکن محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی فوری کاروائی کی وجہ سے کسی بڑے نقصان سے بچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے بعد ڈاکخانہ میں معمول کا کام کاج دوبارہ بحال کیا گیا۔ پولیس نے آتشزدگی کی ایک رپورٹ درج کی اور آگ کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ 
 

کٹرہ میں فورسزاہلکارحرکت قلب بندہونے سے فوت

جموں//کٹرہ جموں کے دھرتی دھورے علاقے میں کیمپ کے اندر صبح کی سیر کے دوران ایک فورسزاہلکار کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سی آر پی ایف کی6ویں بٹالین کا ایک کانسٹیبل کیمپ کے اندر صبح کی سیر کر رہا تھا کہ وہ گر کر بے ہوش ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطاب ق مذکورہ اہلکار کوفوجی کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق موت کی وجہ دل کا دورہ تھا۔  پولیس ذرائع نے مرنے والے فوجی کی شناخت اکھنور جموں کے رہنے والے38سالہ ہربھجن سنگھ کے طور پر کی ۔
 
 

گول کا سماجی کارکن امیر الدین فوت

معتدد انجمنوں اور شخصیات کا اظہارِ دْکھ

زاہدبشیر
 گول// سنگلدان کے علاقہ ٹھٹھارکہ سے تعلق رکھنے والے امیرالدین وانی نامی بزرگ نے زندگی کی 93بہاریں دیکھنے کے بعد اپنی عمر کی آخر سانس لیکر داعی حق کو لبیک کہا۔مرحوم نے بطورِ فارسٹ گارڈ سرکاری نوکری سے خدمات کا آغاز کیا اور دورانِ ملازمت مرحوم نے جس بْردباری اور وسیع النظری سے مختلف علاقہ جات میں اپنی خدمات انجام دیں اْسے کوئی سراہے بغیر نہیں رہ پاتا ہے ۔ ملازمت سے بطورِ فارسٹر سبکدوش ہونے کے بعد مرحوم نے جس فکرمندی اور درمندی سے سماج کے کمزور افراد کی خدمتگاری میں تادمِ مرگ خود کو صرف کیا اْسے کسی بھی طور فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن گول سنگلدان نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔ ایسوسی ایشن سے منسلک تمام صحافیوں نے دعاکی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔ 
 

انعامات کی تقسیم پر آشا ورکر صدر نے اٹھائے سوال 

 عاصف بٹ 
کشتواڑ//یوم جمہوریہ کے موقعہ پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے انعامات دئے جانے کولیکر آشا ورکر یونین کی ضلع صدر نے انتظامیہ پر سوال اٹھائے ہیں۔ پریس بیان جاری کرتے ہوے آشاورکر کی ضلع  صدر شگفتہ پروین نے بتایا کہ کیا ضلع کے اندر206 ورکر وںمیں سے صرف ایک ہی کا کرتی ہے جسے انعام سے نوازا گیا ہے کیونکر دیگر ورکروں کومحروم رکھا جارہاہے ۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ انکی بھی حوصلہ فزائی ہونی چاہئے۔
 
 

ناظم بھیڑ پالن کا سانبہ دورہ

 جموں // محکمہ بھیڑپالن کے ڈائریکٹر جموں، کرشن لال نے سانبہ جموں شیپ ایکسٹینشن سنٹر بلڈنگ پورمنڈل میں ،ضلع سانبہ میں گھا س کے شیڈ اور فیڈ اسٹورمیں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسی پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کام میں معیاری میٹریل استعمال کرے اور کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرے۔ان کے ساتھ شیولی سیٹھی، ڈپٹی ڈائریکٹر (منصوبہ بندی اور شماریات)، شیپ ہسبنڈری جموں اور ڈاکٹر ستیش کمار گنگوال، ڈسٹرکٹ شیپ ہسبنڈری آفیسر، سانبہ بھی موجود تھے۔
 
 
 

مویشی سمگلنگ ناکام، 6 بازیاب ، 3 افراد گرفتار

عاصف بٹ 
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس کی پولیس تھانہ اٹھولی نے مویشیوں کی سمگلنگ کوشش کو ناکامیاب بناکرچھ مویشیوں کو گلاب گڑھ سے بازیاب کرنے کا دعویٰ کیاہے۔بیان کے مطابق ایک مخصوص اطلاع پر ایک پولیس ٹیم نے گلاب گڑھ میں ناکا لگایا۔چیکنگ کے دوران 6 مویشیوں کو بازیاب کیا گیا جبکہ 3 افراد کو موقعہ پر ہی گرفتار کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 3/2022 متعدد دفعات کے تحت پولیس تھانہ اٹھولی میں درج کرلیاگیا اور تحقیقات شروع کردی گئی۔