تازہ ترین

صوبہ جموں میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات حب الوطنی جذبہ کے تحت جوش وخروش کے ساتھ منعقد

سخت کووڈ پروٹوکول کے تحت ڈی ڈی سی چیئر پرسنوں نے اپنے اپنے ضلع صدر مقامات پر ترنگا لہرایا

تاریخ    28 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک +عاصف بٹ+زاہد بشیر+محمد تسکین
  جموں//پورے جموں صوبہ میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات حب الوطنی کے جذبے اور تہوار کے ساتھ منائی گئیں ۔اس دن میں متاثر کُن مارچ پاسٹس اور مختلف قسم کے ثقافتی پروگراموں کا مشاہدہ کیا گیا جس میں حب الوطنی کے گیت ، لوک رقص اور موسیقی پیش کی گئی جس میں کووڈ کے مناسب رویے پر سختی سے عمل کیا گیا ۔

 ڈوڈہ 

 73 واں یوم جمہوریہ اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا جس میں مہمانِ خصوصی چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل دھننتر سنگھ کوتوال نے ترنگا لہرایا اور جے کے پی ، سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، جے کے اے پی ، جے کے پی ، ایف پی ایف ، این سی سی جونئیر ، این سی سی سینئر ، ہوم گارڈ اور جی ڈی سی ڈوڈہ کے متعدد طلباء کے علاوہ مختلف سکولوں کے دستوں پر مشتمل مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی سنگیتا رانی بھگت ، ڈپٹی کمشنر وکاس شرما ، ایس ایس پی عبدالقیوم ، صدر ایم سی ڈوڈہ وید پرکاش گپتا ، ڈی ڈی سی ممبران کے علاوہ اعلیٰ ضلعی افسران اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈی ڈی سی نے یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ہندوستان کی تاریخ کا سب سے اہم دن ہے کیونکہ اس دن ہندوستان کا آئین طویل جدو جہد کے بعد نافذ ہوا اور ہمارا ملک ایک جمہوری ملک بن گیا۔تقریب کے اختتام پر پروگرام میں شامل نیم فوجی دستوں و اسکولی بچوں کے ساتھ مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات کو اعزازی اسناد سے بھی نوازا گیا۔ ادھر ایڈیشنل ضلع بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر سب ڈویژنوں میں بھی الگ الگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں بی ڈی سی چیئرپرسنوں و میونسپل کونسل صدور نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور مارچ پاس پر سلامی لی۔اس دوران ثقافتی و موسیقی پروگرام بھی منعقد کئے گئے جبکہ سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔وہیں ضلع کورٹ کمپلیکس ڈوڈہ، بھدرواہ و جی ایم سی میں بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا

 کشتواڑ 

73 واں یومِ جمہوریہ پورے ضلع کشتواڑ میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔مرکزی تقریب جو ڈی سی آفس کمپلیکس کشتواڑ کے احاطے میں منعقد ہوئی۔چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ پوجا ٹھاکر اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھیں جنہوں نے ترنگا لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور پولیس ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، سی آئی ایس ایف ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، ہوم گارڈز اور جی ڈی سی کشتواڑ کی این سی سی بٹالین کے بوائیز اینڈ گرلز ونگ سے مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ وائس چیئر پرسن ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ صائمہ شبیر لون ، ڈپٹی کمشنر اشوک شرما ، ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین بھٹ ، سی او آئی آر پی راجیش شرما کے علاوہ اعلیٰ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئر پرسن نے کہا کہ اس دن کی بہت اہمیت ہے کیونکہ اس دن ہندوستان ایک سیکولر ، خود مختار ، سوشلسٹ اور جمہوری ملک بنا ۔ انہوں نے قومی اہمیت کے اس پرمسرت موقع پر کشتواڑ کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور سبھی سے آئینی اقدار اور اخلاقیات کو صحیح معنوں میں برقرار رکھنے کی خواہش کی ۔ بلاک سطح پر متعلقہ بی ڈی سی چیئرپرسنوں کے ذریعہ قومی پرچم لہرایا گیا ۔اس کے علاوہ سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر، تحصیل اور بلاک ہیڈ کوارٹر، تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بھی پرچم لہرائے گئے اور پروگرام منعقدد کئے گئے۔

ریاسی 

جنرل زوراور سنگھ اسپورٹس اسٹیڈیم ریاسی میں 73 واں یومِ جمہوریہ حب الوطنی کے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ چیئرر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) ریاسی صراف سنگھ ناگ جو مہمانِ خصوصی تھے نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں جے اینڈ کے پولیس ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، جے کے ہوم گارڈز ، این سی سی بوائیز کے دستے شامل تھے ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن نے ضلع کے لوگوں کی طرف سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور تنوع میں اتحاد کی تعریف کی ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں ضلع کے ترقیاتی اقدامات اور آزادی کے بعد ملک کی کامیابیوں بشمول کامیاب’ مشن مارس ‘ پر روشنی ڈالی ۔ 

رام بن

چیئر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول رام بن میں قومی پرچم لہرایا جہاں 73 ویں یومِ جمہوریہ منانے کیلئے ضلعی سطح کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر مسرت اسلام ، صدر ایم سی رام بن سنیتا سمبریا ، ڈی ڈی سی کونسلرز ، ایس ایس پی رام بن موہتا شرما ، اے ڈی ڈی سی راجندر شرما کے علاوہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ ڈی ڈی سی چیئر پرسن نے جے کے پی ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، ہوم گارڈ اور آرمی بینڈ کے دستوں پر مشتمل پریڈ کا معائینہ کیا اور سلامی لی ۔ مقامی لوگوں ، طلباء ، افسران اور سرکاری ملازمین سمیت پرجوش سامعین کو خوش آمدید کہنے کے بعد انہوں نے رواں سال کے دوران ضلع میں ہونے والی اہم ترقیاتی سرگرمیوں کا مختصر احوال دیا ۔ 

گول

ملک کے باقی حصوں کی طرح ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول کے مختلف جگہوں پر 73ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد ہوا جہاں سب سے بڑی تقریب سب ڈویژن گول کے صدر مقام ہائر سکینڈری سکول گول میں منعقد ہوئی جہاں پر سب ضلع گول کی انتظامیہ ، پولیس ، فوج، عام شہری و سکولی بچوں نے اس تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ تقریب میں ترنگے کی سلامی بی ڈی سی چیئر پرسن شکیلہ بیگم نے لی جبکہ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم گول غیاث الحق ، ایس ڈی پی او ،ایس ایچ او گول ،بی ایم او گول، رینج آفیسر گول ،ایس ڈی ایچ گول، گریف و دیگر محکمہ جات کے آفیسران بھی موجود تھے ۔ تقریب کے دوران رنگا رنگ تمدنی پروگرام کا بھی اہتمام ہوا جہاں پر سکولی طلباء نے کافی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔وہیں اس دوران سنگلدان نیابت میں بھی بی ڈی سی چیئرپرسن نویدہ بیگم نے 73ویں یوم آزادی ہائر سیکنڈری اسکول سنگلدان  میں پرچم لہرایا۔ 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول سنگلدان میں جشن آزادی کا انعقاد کیا گیا جس میں بی ڈی سی صاحبہ بلاک سنگلدان نے ترنگا لہرایا۔اس موقع پر طلباء ، عوام  انسپکٹر اف پولیس ،بی ڈی او نائب تحصیلدار، سنگلدان اور مختلف شعبہ جات کے ملازمین بھی موجود تھے۔ادھر داڑم بلاک صدر مقام پر جاوید اقبال منہاس بی ڈی سی چیئر مین نے ترنگا لہرانے کی رسم ادا کی اور اس موقعہ پر رنگا رنگ تمدنی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ 

بانہال 

یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں سب ڈویژن بانہال میں بھی کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور سب سے بڑی تقریب گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بانہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ یوم جمہوریہ کی نسبت سے میونسپل کونسل بانہال کے احاطے میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور صدر فاروق احمد وانی نے ترنگا لہرایا۔ کھڑی ، مہو منگت اور دیگر بلاک سطحوں پر بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ترنگا لہرایا گیا۔اس کے علاؤہ فوج کی طرف سے بانہال اور ناچلانہ میں ترنگا لہرایا گیا اور ترنگے کو سلامی دی گئی۔یوم جمہوریہ کی تقریبات کے موقع پر سب ڈویڑن بانہال میں صحافیوں، رضاکار انجمنوں اور سرکاری ملازمین کو بھی اپنے شعبوں میں بہترین خدمات کیلئے توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کشمیر عظمی و گریٹر کشمیر نامہ نگار بانہال  محمد تسکین کو بھی بانہال میں اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

سانبہ

ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل چیئرمین کیشو دت شرما نے اسپورٹس اسٹیڈیم ارازی میں قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کا معائینہ کیا اور دپٹی ایس پی دیویندر سنگھ اور جموں و کشمیر کے ڈپٹی پریڈ کمانڈنٹ ایس آئی سوہن سنگھ کی قیادت میں مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ اپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے آزادی کے 73 برسوں میں ہندوستان کی تیز رفتار ترقی کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لوگ ہند کے عظیم جدو جہد آزادی کے مرہون منت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی قیادت میں ایک طویل جدو جہد کے بعد آزادی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان نے سائنس ، ٹیکنالوجی ، خلائی ایجنسیوں ، اقتصادیات ، صنعتوں میں بڑی ترقی کی ہے اور ترقی کی تیز رفتار شرح ریکارڈ کی ہے ۔ 

ادھم پور 

 ضلع اودھمپور میں 73 واں یومِ جمہوریہ بڑے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔مرکزی تقریب گورنمنٹ پی جی کالج بوائیز اودھمپور کے احاطے میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئر پرسن اودھمپور لال چند مہمان خصوصی تھے جنہوں نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ بڑے اجتماع کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئر پرسن نے کہا کہ آزاد ہندوستان کا آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ کیا گیا تھا جو ملک کے ہر شہری کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے دوہرایا کہ 26 جنوری 1950 کو ہم جمہوریہ کے لوگوں نے اس آئین کو اپنایا جسے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی سربراہی میں ایک کمیٹی نے تشکیل دیا تھا ۔ 

کٹھوعہ 

 ضلع کٹھوعہ میں 73 ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات حب الوطنی اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی ۔ میگا تقریب اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جہاں ڈی ڈی سی چیئر پرسن مہان سنگھ نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی جس میں فوج ، پولیس ، پی ٹی ایس ، سی آر پی ایف اور این سی سی بوائیز اینڈ گرلز ونگ شامل تھے ۔ لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے کہا کہ اس دن کی بہت اہمیت ہے کیونکہ اسی دن ہندوستان سیکولر ، خود مختار ، سوشلسٹنگ اور جمہوری ملک بنا ۔ آزادی پسندوں کی شراکت کو یاد کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئر پرسن نے کہا کہ آزادی ان لوگوں کی بے شمار قربانیوں کے ذریعے حاصل کی گئی ہے جو ہر چیز سے اوپر اُٹھ کر اس مقصد کیلئے بے لوث تعاون کرتے ہیں ۔ 

راجوری

73 واں یومِ جمہوریہ پورے راجوری ضلع میں بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ یہ تقریبات ضلعی ہیڈ کوارٹرز ، تمام اضافی اضلاع ، سب ڈویژنوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور پنچائتوں میں منعقد کی گئیں ۔ ڈی پی ایل گراؤنڈ راجوری میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں مہمانِ خصوصی ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نسیم لیاقت نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل ، ڈی آئی جی راجوری پونچھ وویک گپتا ، ایس ایس پی محمد اسلم ، کمانڈنٹ آئی آر پی سیکنڈ بٹالین خالد امین ، اے ڈی ڈی سی پون کمار ، اے ڈی سی راجوری سچن دیو سنگھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ ڈی ڈی سی چیئرر مین نے راجوری کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے قائدین کی جانب سے ملک کیلئے بہترین آئین کے مسودے کی تیاری میں کئے گئے کام کی یاد دہانی کے طور پر کھڑا ہے اور یہ آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا تھا ۔ 

پونچھ

 یہاں اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں 73 واں یومِ جمہوریہ بڑے جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ مہمانِ خصوصی چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ تمیم اختر نے ترنگا لہرایا اور پولیس بینڈ کے ساتھ سی آر پی ایف ، جے کے پی ، جے کے اے پی ، ہوم گارڈ ، جے کے پی کیو آر ٹی کمانڈو ، این سی سی کیڈٹس کے دستوں پر مشتمل مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ ڈی وائی ایس پی سچن گپتا پریڈ کمانڈر تھے ۔ مہمان خصوصی نے اہل وطن کو مبارکباد دی اور ملک کے اتحاد و سالمیت کو برقرار رکھنے کیلئے قانون سازوں کے کردار اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو یاد کیا ۔ عوام کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ اس پروگرام میں وائس چیئر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ، ڈی ڈی سی ممبران ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی ، جج صاحبان ، بی ڈی سی چیئر پرسنز ، بار ایسوسی ایشن کے ممبران ، قانون سازوں ، میڈیا پرسنز ، ممتاز اور بزرگ شہریوں نے شرکت کی ۔ 
 
 

چیف جسٹس نے جموں ہائی کورٹ میں قومی پرچم لہرایا

جموں//جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جموں ونگ میں ہندوستان کا 73 واں یوم جمہوریہ حب الوطنی کے جوش و خروش اور اعلیٰ جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس پنکج متھل نے 73ویں یوم جمہوریہ کے موقعہ پر جانی پورجموں کورٹ کمپلیکس میں ترنگا لہرایا۔چیف جسٹس نے جسٹس تاشی ربستان، جسٹس سندھو شرما، جسٹس ونود چٹرجی کول، جسٹس سنجے دھر، جسٹس پونیت گپتا، جسٹس جاوید اقبال وانی اور جسٹس موہن لال کی موجودگی میں مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اِس موقعہ پر ایڈووکیٹ جنرل ڈی سی رینہ ، سیکرٹری قانون اچل سیٹھی ، رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ سنجیو گپتا، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری راجیو گپتا ، ڈائریکٹر سٹیٹ جوڈیشل اکیڈیمی سنجے پریہار، رجسٹر ار ویجی لینس شہزاد عظیم ، بھارت کے ایڈیشنل سالیسٹر جنرلز وِشال شرما اور ٹی ایم شمسی ، ایڈیشنل سیکرٹری قانون آشیش گپتا ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرلز ایس ایس نندا اور ایم کے بھاردواج کے علاوہ جے کے بار ایسو سی ایشن کے صدر اور ممبران موجود تھے۔
 
 

پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے جے کے ہائوس میںقومی جھنڈالہرایا

نئی دہلی//پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر جے اینڈ کے بپل پاٹھک نے 73ویں یومِ جمہوریہ کے موقعہ پر جے اینڈ کے ہائوس ،5 پرتھوی راج روڈ، نئی دہلی میں قومی جھنڈا لہرایا۔اِس موقعہ پر جموںوکشمیرآرمڈ پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور کووِڈ۔19 وَبائی اَمراض کے پیش نظر جمع ہونے سے گریز کے بارے میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے رسمی تقریب میں نئی دہلی میں تعینات جموںوکشمیر کے اَفسران اور ملازمین نے شرکت کی۔کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کی وجہ سے کوئی ثقافتی سرگرمیاں نہیں تھیں۔ اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے کہا کہ یہ ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یادکرنے کا دِن ہے جنہوں نے ہماری قوم کے وَقار کے لئے اَپنی جانیں نچھاور کیں ۔اُنہوں نے کثرت میں وحدت اور سا  لمیت کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دِن ہے جس دِن ہندوستان کے آئین کو اَپنایا گیا ہے اور ہمارا ملک سب سے بڑی اور متحرک جمہوریت کے طور پر اُبھرا ہے۔بعد میں پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے جموںوکشمیر ہائوس کے اَفسران اورملازمین سے بات چیت کی اور اَفسران کو توصیفی اَسناد سے نوازا۔
 
 

اپنی پارٹی نے پارٹی دفتر گاندھی نگر میں یو مِ جمہوریہ منایا

الطاف بخاری نے ترنگا لہرایا، اہلیان جموں وکشمیر کومبارک باد پیش کی

جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی دفتر گاندھی نگر میں ویں یوم ِ جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں قومی ترنگا لہرایا۔ پارٹی سنیئرلیڈر، ذیلی تنظیموں کے سربراہان، ٹریڈ یونین، خواتین ونگ، یوتھ ونگ، اسٹوڈنٹ ونگ، ایس سی/ایس ٹی/ او بی سی ونگ اور دیگر لیڈران پارٹی دفتر احاطہ میں الطاف بخاری صاحب کی قیادت میں جمع ہوئے۔ پارٹی صدر الطاف بخاری نے قومی ترنگالہرایا ۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی گایا گیا، پارٹی لیڈران اورورکران نے زبردست جوش وخروش دیکھاگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر موصوفہ جموں اہلیان ِ وطن اور جموں وکشمیر کی عوام کو 73ویں یوم ِ جمہوریہ کی مبارک باد دی۔ انہوں نے کہاکہ ’’انڈیا جمہوری ملک ہے جہاںآزادی اور یکسانیت کے حقوق کی آئینی ضمانت ہے، یہی واحد وجہ ہے کہ انڈیا دنیا بھر میں جمہوری اقدار کی وجہ سے جانا جاتاہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ہم اِس ملک کا حصہ ہیں اور آئین سبھی کے لئے دستیاب ہے، تاہم جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد جلد سے جلد کرانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اپنے نمائندے منتخب کرسکیں‘‘۔ انہوں نے جموں وکشمیر میں جمہوری نظام کی بحالی پرزور دیا جوکہ ملک کی دیگر ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں رائج ہے۔
 
 

 رام بن میں رضاکاروں، ملازمین اور صحافیوں کو ایوارڈ اور اسناد سے نوازا گیا 

بانہال// موسم کی مسلسل خرابی کے باوجود کے بعد خوشگوار موسم اور ماحول میں ضلع رام بن میں73 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات منائیں گئیں۔ ضلع ہیڈ کوارٹررام بن اور اس کے سب ڈویژن اور تحصیل صدر مقامات پر اپنے فرض اور سماج کے تئیں اپنی بے لوث اور بہترین خدمات کیلئے رام بن ضلع میں کام کرنے والی صریح الحرکت ٹیموں یا QRT کے رضاکاروں، ریڈکراس کے رضاکاروں ، سرکاری ملازموں کو اعزازتباور اسناد جن میں خاصکر سول کیو آر ٹی رامبن ، ہمالین کیو آر ٹی رامسو اور بانہال والینٹیرس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس کے علاؤہ صفائی کرمچاریوں کی بے بدل خدمات کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ ضلع انتظامیہ نے کووڈ وارئرس ،صفائی کرمچاری کو بھی نوازا۔اس موقع پر شعبہ صحافت کے میدان میں اپنی بے لوث خدمات کے زریعے عوام اور سماج کی عکاسی کرنے والے صحافیوں کو بھی ضلع ، سب ضلع اور تحصیل صدر مقامات پر اعزازات اور اسناد سے نوازا گیا اور ان کے کام کی ستائش کے طور انہیں ان ایوارڈز اور اسناد سے سرفراز کیا گیا۔ضلع کی مرکزی تقریب پر نیوز 18 اردو کے ضلع رام بن نمائندہ بلال بالی اور فور ٹی کے نمائندہ میر مدثر کو صحافت کے میدان میں بہترین خدمات کیلئے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ سب ڈویڑن سطح پر بھی کئی صحافیوں کو انتظامیہ کی جانب سے بہترین خدمات کیلئے اعزاز دیئے گئے۔سب ڈویڑن بانہال میں منعقد تقریب پر سینئر صحافی و نمائندہ کشمیر عظمی محمد تسکین وانی، نمائندہ آج تک راشد رسول، نمائندہ زی نیوز خورشید چوپان ، نمائندہ گلستان عارف وحید ، ارلی نیوز کے بیورو چیف مہران وانی ، روزنامہ اڑان کے نامہ نگار قمر الدین منہاس سمیت کئی دیگر صحافیوں کو بھی توصیفی اسناد سے سرفراز کیا گیا۔ 
 

تازہ ترین