تازہ ترین

۔30گھنٹوں کے بعدشاہراہ بحال

آج سرینگر سے جموں کی طرف ٹریفک

تاریخ    25 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر اتوار صبح سے پنتھیال کے مقام پر پسی کے ملبے میںپھنسے چاول سے لدھے کے ایک ٹرک کو پیر کی بعد دوپہر نکالا گیا اور شاہراہ کو 30گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد بحال کیا گیا۔شاہراہ بحالی کے بعد ناشری ٹنل اور رام بن کے درمیان ہفتے کی شام سے درماندہ ٹرکوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کو  جانے کی اجازت دی گئی جبکہ جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے تازہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ شاہراہ کو اتوار کے روزرام بن اور بانہال سیکٹر میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے شاہراہ پر گر آئی رکاوٹوں کی وجہ سے بند کیا گیا تھا اور پنتھیال کے مقام پر شاہراہ 30گھنٹوں تک بند رہی۔پیر کو دن کے ایک بجے سے شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا اور صرف درماندہ گاڑیوں کو چھوڑا گیا۔ تیس گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد شاہراہ کو آج دن کے ایک بجے یکطرفہ ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا۔ کل شام پنتھیال کے مقام پتھروں کے مسلسل گرنے کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی کا کام متاثر رہا تھا ۔ایس ایس پی ٹریفک شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن سیکٹر میں درماندہ پڑے 130 مال بردار ٹرکوں اور 10 ایندھن ٹینکروں کے علاوہ درجنوں ہلکی موٹر گاڑیوں کو نکالا گیا۔انہوں نے کہا کہ موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر منگل کے روز مسافر گاڑیوں کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی اور بعد میں مال گاڑیوں کو بھی چھوڑا جائیگا۔