تازہ ترین

ڈی ڈی سی انتخابات 2020

عکس بندی کرنے والے ویڈیو گرافروں کا احتجاج ، محنتانہ واگزر کرنے کا مطالبہ

تاریخ    15 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


ارشاد احمد
گاندربل //سال 2020 میں ضلع گاندربل کے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کے دوران ضلع انتظامیہ کی جانب سے عکس بندی کے لئے متعدد ویڈیو گرافر وںکی خدمات حاصل کی گئی تھی تاہم ان کی بلیں ابھی واگزار نہ ہو سکی ہیں۔منی سیکٹریٹ گاندربل کے احاطے میں درجنوں ویڈیو گرافی سے وابستہ افراد نے اپنی محنتانہ دینے کیلئے احتجاجی مظاہرے کئے ۔سال 2020 کے دسمبر کے مہینے میں وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات منعقد کئے گئے تھے جس دوران ضلع گاندربل کی 14 ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی نشستوں کی عکس بندی کیلئے ویڈیو گرافی کے ماہر نوجوانوں کی خدمات حاصل کی گئیں جس میں بیشتر مختلف ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندے بھی شامل تھے، جن کے مطابق ایک سال گزرنے کے باوجود بھی اُن کا محنتانہ واگزار نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اُن کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔احتجاج میں شامل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے بتایا کہ وادی کشمیر کے 20 اضلاع میں سال 2020 میں دسمبر کے مہینے میں ڈی ڈی سی انتخابات منعقد کئے گئے جن کی عکس بندی کرنے کیلئے ان کی خدمات حاصل کی گئی تھی تاہم جہاں دیگر تمام اضلاع میں عکس بندی کرنے والے افراد کو ان کا محنتانہ واگزار کردیا گیا ،تاہم گاندربل میں ایک سال مکمل ہونے کے باوجود بھی ابھی تک ان کی رقومات واگزار نہیں کی گئی جس کے خلاف وہ احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔