تازہ ترین

شاہراہ آج بند رہے گی،سینکڑوں گاڑیاں درماندہ

تاریخ    13 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بدھ کے روز مہاڑ علاقے میں وقفے وقفے سے پتھر گرنے کے بعد شاہراہ بیشتر اوقات ٹریفک کیلئے بند رہی۔ مسافرگاڑیوں کو مہاڑ کی پسی کی وجہ سے میتراہ سڑک کے راستے جانے سے سڑک شدید ٹریفک جام کا شکار ہوئی۔ اس سڑک پر میتراہ اور دریائے چناب کے اوپر کئی سو فٹ لمبے جھولا پل پر ٹریفک کی نقل و حرکت یکطرفہ ہے اور پانچ ٹن سے زیادہ وزن کی گاڑیوں پر اس پل سے چلنے کی ممانعت ہے۔بدھ کی شام تک مہاڑ کے مقام پر500مسافر گاڑیاں اور 100 کے قریب ٹرک درماندہ تھے اور بدھ کی شام شاہراہ کی بحالی کے امکانات معدوم ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ نے کئی گھنٹوں تک درماندہ رکھنے کے بعد چھوٹی مسافر گاڑیوں کو میتراہ کے راستے سے چلنے کی اجازت دی ۔ دیر رات تک مہاڑ کے مقام پر مسلسل پتھر گر رہے تھے اور بحالی کا کام بند کیا گیا ، جبکہ ٹریفک حکام نے آج یعنی جمعہ کیلئے شاہراہ پر تمام قسم کے ٹریفک کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کی صبح تک بارہ گھنٹوں کی بحالی کے دوران غذائی اجناس ، ضروری سازو سامان اور ایندھن سے لدھی اڑھائی ہزار سے زائد گاڑیوں کو وادی کی طرف نکالا گیا۔ ایس ایس پی ٹریفک رام بن شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کو شاہراہ پر کوئی ٹریفک نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہاڑ پسی کے پاس دوپہر سے شام تک ساڑھے چار سو کے قریب مسافر گاڑیاں درماندہ تھیں تاہم انہیں میتراہ جھولا پل کے راستے سے نکالا جا رہا ہے جبکہ بیشتر مال برادر ٹرک پہلے صبح دس بجے تک نکالے گئے تھے۔