تازہ ترین

چلہ کلاں کی سردی کا زور شروع ،سرینگر میں منفی 3.6

گلمرگ اور پہلگام سرد ترین مقامات،دراس میں منفی 27

تاریخ    13 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر// گذشتہ دو روز سے چلہ کلان کی سردی شروع ہوگئی ہے۔ مطلع صاف ہونے کے نتیجے میں وادی او ر لداخ خطہ سردی کی شدید گرفت میںہے کیونکہ شبانہ درجہ حرارت میں لگاتار اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ پہلگام اور گلمرگ وادی کی سرد ترین جگہیں رہیں جہاں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 11.6 اور منفی11.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ کا کہنا ہے کہ 16جنوری تک درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں جوں جوں مطلع صاف ہوتا جا رہا ہے ، شبانہ درجہ حرارت میں بھی گراوٹ آتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو روز کے دوران پوری وادی میں درجہ حرارت پھر سے نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے اور کپکپاتی سردی شروع بھی ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات سرینگر میں درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0.2 ڈگری تھا۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب منفی10.6 ڈگری تھا۔ادھر لداخ خطہ میں شدید سردی کے نتیجے میں لوگوں کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں کیونکہ وہاں دراس میں ریکارڈ توڑ سردی پڑرہی ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب دراس میں رجہ حرارت منفی 28.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔اسی طرح لیہہ میں منفی 13. اور کرگل میں 14.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔