تازہ ترین

جموں میں جے ڈی اے کی انہدامی کارروائیوں کے خلاف لوگوں کا احتجاج

تاریخ    12 جنوری 2022 (38 : 03 PM)   


نیوز ڈیسک
 
جموں// جموں کے روپ نگر علاقے میں بدھ کے روز لوگوں نے جموں ڈیولوپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) کی طرف چلائی گئی انہدامی کاررئیوں کے خلاف احتجاج درج کیا۔
 
احتجاجیوں میں سے کئی نے ہاتھوں میں ترنگے اٹھا رکھے تھے اور وہ جے ڈی اے کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقعے پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جے ڈی اے نے جموں میں لوگوں کے ساتھ زیادتی کی۔
 
انہوں نے کہا کہ لوگ گھروں میں ہی سوئے ہوئے تھے کہ جے ڈی اے نے جے سی بی لائے اور ان کے مکانوں کو گرایا۔
 
موصوف احتجاجی نے کہا کہ آج یہاں گجر ہی نہیں بلکہ الگ الگ پارٹیوں کے لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔
 
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کس قانون کے تحت بغیر کوئی نوٹس جاری کئے لوگوں کے گھروں کو گرایا جا رہا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ یہ انہدامی کارروائیاں غریبوں کے خلاف ہی کی جا ہی ہیں۔
 
موصوف احتجاجی نے کہا کہ یہ لوگ یہاں سال1947 سے رہائش پذیر ہیں اور یہ لوگ نیشنلسٹ ہیں۔
 
دریں اثنا پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جے ڈی اے کی اس کارروائی کے رد عمل میں کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے جموں میں قبائیلوں کے گھروں کو نشانہ بنانا اقلیتوں کے خلاف نفرت کے اظہار کا ایک طریقہ ہے۔
 
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ لوگوں کو ایسی زیادتوں کے خلاف قیام کرنا چاہئے۔