تازہ ترین

لاتھم کی ڈبل سنچری، بنگلہ دیش 126 پر ڈھیر، فالو آن کا خطرہ

تاریخ    11 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


کرائسٹ چرچ/سلامی بلے باز ٹام لاتھم (252) کی ڈبل سنچری اور ڈیون کانوے (109) کے ساتھ ان کی دوسری وکٹ کے لئے 315 رن کی زبردست ساجھیداری کی بدولت نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹسٹ میچ کے دوسرے دن پیر کے روز چھ وکٹ پر 521 رن کا بڑا اسکور بناکر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اس کے جواب میں لڑکھڑا گئی اور 41.2 اوورز میں 126 رنز پر سمٹ گئی ۔ بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 395 رن سے پیچھے ہے اور اسے فالو آن کا خطرہ ہے ۔نیوزی لینڈ نے کل ایک وکٹ پر 349 رن سے کھیلنا شروع کیا۔ لاتھم نے 186 اور کانوے نے 99 رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا ۔ کانوے 166 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 109 رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے ۔ لاتھم نے راس ٹیلر کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 48 رن جوڑے ۔ ٹیلر 39 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 28 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ٹیلر 411 کے ا سکور پر آوٹ ہوئے ۔ تین رن کے بعد ہینری نکولس کھاتہ کھولے بغیر عبادت حسین کا شکار بن گئے ۔ ڈیرل مشل تین رنز بنانے کے بعد 423 کے چوتھے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے ۔لاتھم نے ٹام بلنڈل کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے ۔ لاتھم 252 رنز بنانے کے بعد مومن الحق کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔ لاتھم نے 552 منٹ کی میراتھن اننگز میں 337 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز میں 34 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ بلنڈل نے 60 گیندوں پر ناٹ آوٹ 57 رن میں آٹھ چوکے لگائے ۔ کائل جیمیسن چار رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔پہلے میچ کے ہیرو عبادت حسین نے اس اننگز میں 30 اوورز میں 143 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ شریف الاسلام نے 28 اوورز میں 79 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔