سمت بھارگو
راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور پارٹی عہدیدار رویندر رینہ نے پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (PoJK) کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں عام شہریوں، پولیس اور رینجرز کے درمیان بڑھتے ہوئے تصادم انتہائی فکر انگیز ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پی او جے کے کے مقامی عوام پر ظلم و ستم کے تمام حربے استعمال کر رہا ہے، جس میں قتل، گرفتاریاں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں شامل ہیں۔راجوری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا کہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں رہنے والے لوگ مسلسل خوف اور دباؤ کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان وہاں کے عوام کی آواز دبانے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے، جو انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔رویندر رینہ نے کہا کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے اور وہاں رہنے والا ہر شہری ہندوستانی ہے، اس لیے ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کریں اور پی او جے کے کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے سرینگر-لیہہ قومی شاہراہ پر زوجیلا ٹنل پروجیکٹ کے افتتاح کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے لداخ کو پورے سال ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ حاصل ہوگا۔ ان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں ہمہ جہت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، جس سے خطے کی معاشی اور بنیادی ڈھانچے کی صورتحال مضبوط ہو رہی ہے۔جموں و کشمیر میں ریاستی درجے کی بحالی کے مطالبے کے حق میں نیشنل کانفرنس لیجسلیچر پارٹی کی جانب سے جنتر منتر پر احتجاج کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو ریاستی درجے کی بحالی کے معاملے پر حکومتِ ہند پر اعتماد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت پر اس سلسلے میں فیصلہ لیا جائے گا۔راجوری کے گھمبیرمغلاں کے دھوری مہل جنگلات میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک بار پھرملی ٹینٹوںکے عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ملی ٹینٹ اور ان کے معاونین مکمل طور پر محاصرے میں ہیں اور سیکورٹی فورسز جلد ہی انہیں انجام تک پہنچا دیں گی۔