کہامون سون کے پیش نظر پورے جموں و کشمیر میں سیلاب سے بچائو کے کاموں کی رفتار تیز کرنا ناگزیر
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے دریائے چناب کے بائیں کنارے پر واقع فتو کوٹلی گرکھل میں 2.47کروڑ روپے مالیت کے سیلاب سے بچائو کے کاموں کی بحالی اور تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر وزیر کے ہمراہ رُکن اسمبلی اکھنور موہن لال بھگت اور محکمہ کے سینئراَفسران بھی تھے۔وزیر موصوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ مینجمنٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور فتو کوٹلی میں یہ منصوبہ سیلاب کے خطرات سے دوچار علاقوں کی حفاظتی صلاحیت میں مزید اضافہ کرے گا۔ اُنہوں نے سیلاب کے بار بار آنے والے خطرے سے جانوں، املاک اور زرعی اراضی کی حفاظت کے لئے دریا کے حساس کناروں پردیرپااور مؤثر حفاظتی ڈھانچے کی تعمیر کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوںنے کہا کہ مون سون کا موسم قریب آنے کے پیش نظر پورے جموں و کشمیر میں سیلاب سے بچائو کے کاموں کی رفتار تیز کرنا ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں اور عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ تمام کام مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کئے جائیں اور کسی بھی قسم کی تاخیر یا کوتاہی کی گنجائش نہ رکھی جائے۔جاوید رانانے سیلابی خطرات کو کم کرنے کے لئے مضبوط بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ بڑے دریاؤں کے کناروں پر واقع تمام حساس مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ مون سون سے قبل موجودہ حفاظتی ڈھانچوں کی دیکھ ریکھ اور مضبوطی کے لئے فعال اور ذمہ دارانہ رویہ اِختیار کیا جائے بالخصوص ان علاقوں میں جو کٹاؤ اور زیرآب آنے کے خطرات سے دوچار ہیں۔اِس سے قبل وزیر موصوف نے ضلع جموں کے مڑھ بلاک کے بھگت پور گاؤں میں دریائے توی کے کنارے واقع تباہ شدہ حفاظتی بنڈکا بھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے بندڈکے متاثرہ حصے کا جائزہ لیا اور بحالی کے منصوبے کے بارے میں افسران سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ اُنہوں نے سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور مضبوطی کے لئے ایک فعال انداز اَپنانے کی ضرورت پر زور دیابالخصوص ان علاقوں میں جہاں کٹاؤ اور سیلاب کا خطرہ ہے۔وزیرجاوید رانا نے مقامی باشندوں اور عوامی نمائندوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے اپنے علاقوں میں سیلابی تحفظ اور آبی انتظام سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔اُنہوںنے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو مقررہ وقت میں دور کیا جائے گا۔