یواین آئی
کنگسٹن/کنگسٹن میں مسلسل دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے ) میچ کو بارش کے باعث ایک بھی گیند پھینکے بغیر منسوخ کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی۔سبینا پارک میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں امپائروں نے کئی مرتبہ میدان کا معائنہ کیا، تاہم کیوریٹرز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ مقررہ کٹ آف وقت تک 20 اوورز کا مختصر میچ شروع کرانا ممکن نہیں۔سیریز کا پہلا میچ 41 رنز سے جیتنے والی سری لنکن ٹیم کے لیے یہ نتیجہ ایک بڑی کامیابی ثابت ہوا۔
کیریبین سرزمین پر سری لنکا کی یہ 23 برس بعد پہلی ون ڈے سیریز فتح ہے ۔ اس سے قبل انہیں 2003 میں یہاں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔سری لنکا کے کپتان کُسل مینڈس نے سیریز جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پہلے میچ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عالمی کپ سے قبل میچوں کی تعداد محدود ہے ، اس لیے بطور کپتان اپنی پہلی سیریز فتح ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے بولنگ یونٹ کی بھی تعریف کی۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے لیے یہ نتیجہ مایوس کن رہا۔ پہلے میچ میں شکست کے بعد میزبان ٹیم کو واپسی کا موقع نہ مل سکا۔ یہ تین برس میں اپنے میدانوں پر ویسٹ انڈیز کی پہلی ون ڈے سیریز شکست ہے ۔ اس کے علاوہ 2027 ورلڈ کپ کے لیے براہِ راست کوالیفکیشن کی دوڑ میں بھی اس نقصان کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔