عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/دنیا بھر میں ہندوستانی ملاحوں کے تحفظ کے تئیں اپنے اٹوٹ عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے، میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (ایم آر سی سی) ممبئی نے عمان کے حکام کے ساتھ مل کر عمان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی ٹینکر پر میزائل حملے کے بعد اس پر سوار تمام 24 ہندوستانی ملاحوں کو کامیابی کے ساتھ بچا لیا ہے۔ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے منگل کو بتایا کہ ایم آر سی سی ممبئی کو پیر کے روز دو بج کر 20 منٹ پر پلاؤ کے جھنڈے والے ٹینکر ’ایم ٹی میریویکس‘ پر میزائل حملے کی اطلاع ملی۔ یہ جہاز عمان کے مصیرہ کے قریب لنگر انداز تھا۔ جہاز پر 24 ملاح سوار تھے اور وہ سبھی ہندوستانی شہری تھے۔ یہ معلومات جہاز پر موجود ارکان میں سے ایک کے رشتہ دار نے ایم آر سی سی ممبئی کو دی تھی۔
صورتحال کی سنگینی اور ملاحوں کی حفاظت کو لاحق فوری خطرے کو سمجھتے ہوئے، ایم آر سی سی ممبئی نے فوراً عمان میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو سینٹر، عمان کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔ انہوں نے عمان کی ایجنسی سے تلاش اور بچاؤ مشن کے تال میل کی ذمہ داری سنبھالنے اور جہاز اور اس کے عملے کو فوری مدد فراہم کرنے کی درخواست کی۔تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے عمان نے پاس کے ایک جہاز کا رخ موڑ کر اور جائے وقوعہ پر دو بچاؤ ہیلی کاپٹر بھیج کر بچاؤ مہم کا آغاز کیا اور اس کی نگرانی کی۔ بدلتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھنے اور ہندوستانی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایم آر سی سی ممبئی نے عمان اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان مسلسل تال میل برقرار رکھا۔
تقریباً پانچ بجے عمان نے تصدیق کی کہ عمان کی بحریہ کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے تمام 24 ہندوستانی ارکان کو محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا ہے۔ بچائے گئے تمام ارکان محفوظ بتائے جا رہے ہیں، اور کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔جہاز ابھی عمان کے مصیرہ کے قریب لنگر انداز ہے۔ یہ کامیاب بچاؤ مہم بین الاقوامی بحری تعاون اور اس خطے میں بحری بچاؤ کے حکام کے درمیان قائم مضبوط کوآرڈینیشن میکانزم کے موثر ہونے بات کو اجاگر کرتی ہے۔
یہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے ہندوستانی ملاحوں کے تحفظ اور مقام کی پرواہ کیے بغیر بحری ہنگامی حالات کے دوران بروقت امداد فراہم کرنے کے عزم کو بھی واضح کرتا ہے۔ بحر ہند میں ایک بڑے تلاش اور بچاؤ کے علاقے کے لیے ایم آر سی سی ممبئی سمندر میں لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ ہندوستانی کوسٹ گارڈ ایک قابل اعتماد بحری سکیورٹی پارٹنر کے طور پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے، ملاحوں کی حفاظت، بین الاقوامی تعاون کو مضبوط کرنے اور پورے بحر ہند کے خطے میں محفوظ بحری ماحول کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
عمان کے ساحل کے قریب ٹینکر پر میزائل حملے کے بعد تمام 24 ہندوستانی ملاحوں کو محفوظ بچا لیا گیا