عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/شمالی ضلع بارہمولہ میں پولیس نے ایک فالو اَپ سرچ آپریشن کے دوران چینی ساختہ پستول، دو میگزین اور 13 زندہ کارتوس برآمد کیے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ برآمدگی اُس اسلحہ معاملے کی تحقیقات کے دوران عمل میں لائی گئی، جس میں 7 جون کو ایک موبائل وہیکل چیکنگ پوائنٹ پر غیر ملکی ساختہ پستول ضبط کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ پولیس اور 52 راشٹریہ رائفلز کی مشترکہ ٹیم نے کنی سپورہ علاقے کے چندسومہ مقام پر ایک ماروتی بریزا گاڑی کو روک کر تلاشی لی، جس دوران گاڑی میں سوار وکیل احمد ٹھیکری ساکن کملکوٹ اُوڑی کے قبضے سے ترکی ساختہ CANIK TP9SF METE پستول برآمد کیا گیا۔ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کے خلاف آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر پولیس نے 8 جون کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں کملکوٹ کے کالسی ہردو علاقے میں تلاشی کارروائی انجام دی، جہاں سے چینی ساختہ پستول، دو میگزین اور 13 زندہ کارتوس برآمد کرکے ضبط کیے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ برآمدگی کیس میں ایک اہم پیش رفت ہے اور اس سے غیر قانونی اسلحہ نیٹ ورک کے ممکنہ روابط کی نشاندہی ہوتی ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
بارہمولہ میں چینی ساختہ پستول اور گولہ بارود برآمد