عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/امرناتھ یاترا 2026 قریب آنے کے ساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے یاترا کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ،اس سلسلہ کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ و یاترا افسر پہلگام ، ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے امرناتھ جی یاترا 2026 کے پیش نظر نُن ون بیس کیمپ سے لے کر شیش ناگ تک یاترا ٹریک اور اہم ٹرانزٹ مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کا مقصد شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے لیے جاری تیاریوں، بنیادی سہولیات اور مجموعی انتظامات کا زمینی سطح پر جائزہ لینا تھا۔
معائنہ نُن ون بیس کیمپ سے شروع کیا گیا جہاں ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ پینے کے صاف پانی، بجلی، صحت کی سہولیات، رہائشی خیموں اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے یاتریوں کی سہولت کے لیے مناسب تعداد میں بیت الخلا کی تنصیب، صفائی و ستھرائی کے موثر انتظامات اور لنگر گاہوں کے لیے درکار جگہ کی بروقت تیاری پر بھی زور دیا۔
چندن واڑی میں ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی مؤثر فعالیت، ضروری طبی و غذائی ذخائر کی دستیابی اور ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کو ہر حال میں برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ دورانِ سفر انہوں نے یاترا ٹریک کی موجودہ حالت، بی آر او (بیکن) کی جانب سے جاری لاجسٹک انتظامات، ٹریک پر ہجوم کم کرنے کے اقدامات، حساس اور خطرناک مقامات کی نشاندہی اور حفاظتی و عوامی سہولیات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
شیش ناگ میں ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور یاتریوں کے لیے محفوظ، ہموار اور آسان یاترا کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کیں۔ چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ یاترا ٹریک پر مناسب فاصلے پر جدید طبی مراکز، ابتدائی طبی امداد کے یونٹس، تربیت یافتہ طبی عملہ اور آکسیجن کینز کی وافر مقدار دستیاب رکھی جائے تاکہ بلند مقامات پر صحت سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنے والے یاتریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
اسی طرح محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی)، کے پی ڈی سی ایل، جل شکتی اور فلڈ کنٹرول کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ بنیادی ڈھانچے، بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہنگامی نوعیت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مؤثر انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ ٹیلی مواصلاتی رابطوں اور ہنگامی حالات میں بروقت ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے بی ایس این ایل اور دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندگان کو نیٹ ورک خدمات مستحکم رکھنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو اشیائے ضروریہ کی مسلسل فراہمی اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی تاکید کی گئی۔
نُن ون سے شیش ناگ تک تمام کیمپوں اور اہم مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے مختلف عوامی سہولیات، تنصیبات اور یاترا سے وابستہ بنیادی ڈھانچے کی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ امرناتھ جی یاترا 2026 کے دوران یاتریوں کو ہر ممکن سہولت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ مختلف محکموں اور ایجنسیوں کے سینئر افسران اور نمائندگان بھی موجود تھے، جن میں کمانڈنٹ بی آر او، سی ای او پی ڈی اے، اے ڈی سی، محکمہ جل شکتی، پی ڈبلیو ڈی، کے پی ڈی سی ایل، اے سی ڈی، ایس ڈی ایم پہلگام، سی ایم او، ایگزیکٹو انجینئر فلڈ کنٹرول، محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، ایف سی ایس اینڈ سی اے، بی ایس این ایل اور دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔