سرحدی کشیدگی میںمارے گئے افراد کے لواحقین کو 5-5لاکھ روپے کی امداد دینے کا فیصلہ
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر کی قیادت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اس بات کا فیصلہ لیاگیاکہ سرحدی کشیدگی میں مارے گئے افراد کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے دیئے جائیںگے ۔ یہ امداد مرکزی امدادی سکیم کے تحت دی جائے گی ۔میٹنگ میں تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ لیاگیا کہ مینڈھر بلنوئی کی زینب بی زوجہ محمد نذیر کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے بطور امداد فراہم کئے جائیںگے ۔ زینب بی کی موت آر پار گولہ باری کے نتیجہ میں ہوئی تھی ۔ اسی طرح سے بانڈی چیچیاں اسلام آباد کے محمد اقبال کو بھی پانچ لاکھ روپے کی امداد دینے کافیصلہ لیاگیاجو فائرنگ اور گولہ باری سے شدید زخمی ہوا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ایس پی انوار الحق ، ڈی ایس ڈبلیو او نعیم النسا ، سی اے او جی پی فنڈ غلام حسین ، سی ایم او ڈاکٹر ممتاز بھٹی بھی موجو دتھے ۔
قانون سے بالاتر کچھ نہیں
پہاڑی تنظیموں کی وزیر اعلیٰ سے مداخلت کی اپیل
جاوید اقبال
مینڈھر//بالاکوٹ سے تعلق رکھنے والی پہاڑی طبقہ کی تنظیموں نے طبقہ کو دی گئی ریزرویشن پر گورنر کے اعتراضات پر حکام اور پہاڑی ارکان قانون سازیہ کو تنقید کا نشانہ بنایاہے ۔ان تنظیموں کے ارکان کاکہناہے کہ پہاڑی طبقہ کے لئے تین فیصد ریزرویشن کا بل ریاستی اسمبلی نے پاس کرکے گورنر کے پاس بھیجا لیکن اس سلسلے میں کچھ نام نہاد تنظیموں نے اعتراضات کیا جس کو بہانہ بناکر اس فائل کو التواکاشکار بنادیاگیاہے جس سے یہ صاف ہوگیاکہ ریاستی گورنر پہاڑی طبقہ کے مخالف کام کررہے ہیں ۔بالاکوٹ فرنٹ لائن ،بالاکوٹ پہاڑی سٹوڈنٹس یونین،پہاڑی ایکشن فورم و دیگر تنظیموں نے ریاستی گورنر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب ایک بل ریاستی اسمبلی نے پاس کردیاہے تو پھر انہیں اس پر اعتراض کرنے کا کیا حق ہے ۔ان تنظیموں کے ارکان کاکہناہے کہ قانون سے بالاتر کوئی چیز نہیں اور نہ ہی اب اعتراضات کی گنجائش ہے ۔انہوںنے پہاڑی لیڈران اور ارکان قانون سازیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ انہوںنے بھی خاموشی اختیار کررکھی ہے اور گورنر سے ملاقات کرکے اس کا حل نکالاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اسمبلی سے بل پاس ہو جانے کے بعد لیڈران ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کرتے ہیں لیکن گورنر کے پاس جانا گوارہ نہیں سمجھتے اور اسی غفلت کی وجہ سے ایسا ہورہاہے ۔ انہوںنے ریاستی وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کرکے اہم رول ادا کریںنہیں تو احتجاج کاراستہ اختیا رکیاجائے گا۔
جمہوریت کی توہین کی گئی :پیپلز مومنٹ
راجوری//جموں و کشمیر پہاڑی پیپلز مومنٹ کاتھنہ منڈی میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں کی قیادت تنظیم کے سرپرست شہباز خان نے کی ۔اس موقعہ پر ایم ایم قریشی،سرفراز حسین شاہ،محمد عاطف ،راجندر کمار،ونود کمار،ایڈووکیٹ عبدالقادر خان،بومیت سنگھ ،محمد طارق، حاجی سلیم خان،محمد اشفاق ،شاہنواز خان ،محمد اسلم ، تکش کمار ،جی ایم چاڑک، منجیت سنگھ وغیرہ بھی موجود تھے ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز خان نے کہاکہ گورنر نے ریاستی کابینہ اورقانون سازیہ کے دونوں ایوانوں کے فیصلے کو ٹھکراکر جمہوریت کی توہین کی ہے اور اس سے صدیوںسے بھائی چارے اور امن سے رہنے والی قوم کو خانہ جنگی شرو ع کرنے کیلئے مجبور کیاگیاہے ۔انہوںنے گوجر طبقہ کے ان لیڈران کا شکریہ اد اجنہوںنے اس ریزرویشن پر پہاڑی عوام کو مبارکباد پیش لیکن ساتھ ہی میں مخالفت کرنے والوں کو انتباہ دیاکہ ان نام نہاد لیڈران کی پول کھول کر رکھ دی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ اگر اس طرح سے جمہوری اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیاجانے لگاتو پھر لوگوں کا جمہوریت سے بھروسہ ہی اٹھ جائے گا۔
سوئوچھ بھارت مشن کاجائزہ اجلاس
نیوز ڈیسک
کوٹرنکہ// کوٹرنکہ میں سوئوچھ بھارت مشن کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کا انعقادکیاگیا ۔میٹنگ کی صدارت تحصیلدار کوٹرنکہ محمد رفیق چوہدری کر رہے تھے ۔اس موقعہ پربی ڈی او کوٹرنکہ امتیاز احمد ،زیڈ ای پی او کوٹرنکہ چوہدری سخی محمد، سی ڈی پی او کوٹرنکہ و دیگر افسران بھی موجو دتھے۔ تحصیلدار نے تمام آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر گھر میں بیت الخلاء کی تعمیر کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مقرر کئے گئے اہداف طے کئے جائیں ۔
پراسرار آگ میں 3مکان خاکستر
رمیش کیسر
نوشہرہ //سندر بنی کے گائوں ٹھنڈا پانی میں پراسرار طور پر تین کچے مکانات کو آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ خاکستر ہوگئے ہیں ۔ مقامی ذرائع کے مطابق وجے کمار و سیتارام پسران شیو رام ساکنان ٹھنڈا پانی سندر بنی کے تین کچے رہائشی مکانات میں پراسرار طور پر بعد دوپہر ایک بجے آگ لگ گئی جس کے نتیجہ میں تینوں مکانات اوران کے اندر رکھا ہوا تمام خانگی سامان خاکستر ہوگیا ۔ اس دوران فائر بریگیڈ کا عملہ موقعہ پر نہیں پہنچ پایاجس پر مقامی لوگوںنے محکمہ کے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔اس معاملے کی پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے تاہم ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔
محقق اسسٹنٹ پروفیسر کے اعزاز میں تقریب
مینڈھر //گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کی انتظامیہ کی طرف سے کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کا انعقاد کیاگیا ۔ڈاکٹر شکیل کالج میں شعبہ کیمسٹری کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں جن کا تقرر یورپین ایڈوانسڈ میٹریلز کانگریس کے ممبر کے طور پر ہواہے ۔کالج حکام کے مطابق یہ ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو محققوں اور انجینئروں کو میٹریلز کیمسٹری اور ٹیکنالوجی میں تحقیقی کام کرنے کیلئے عالمی سطح پر ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے ۔کالج حکام نے بتایاکہ ڈاکٹر شکیل ایک متحرک تحقیق کار ہیں جنہوںنے تحقیق کے شعبے میں نمایاں کام کیاہے اور ان کے تیس سے زائد مقالے بین الاقوامی سطح کے جرائد میں شائع ہوچکے ہیں ۔کالج پرنسپل پروفیسر شبیر حسین شاہ اور دیگر عملہ نے ڈاکٹر شکیل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
منڈی میں دوا ساتذہ معطل
عشرت بٹ
منڈی//پرائمری سکول لون والی اڑائی کے دو اساتذہ کو زونل ایجوکیشن افسر منڈی غلام حسین نے سکول بند رہنے اور ناقص کارکردگی کی بناپر معطل کردیاہے ۔تحصیل صدر مقام منڈی سے سات کلو میٹر دوری پر واقع اس سکول میں زیڈ ای او منڈی غلام حسین نے اچانک معائنہ کیا جہاں موجود طلباء سے پڑھائی سے متعلق سوال کئے گئے تاہم وہ اطمینان بخش جواب دینے میں ناکام نظر آئے ۔اسی دوران مقامی لوگوںنے شکایت کی کہ یہ سکول پانچ برسوںسے اکثر بند رہتاہے اور اساتذہ ڈیوٹی کے پابند نہیں ۔مولوی محمد فرید ملک نے بتایا کہ اس اسکول میں دو سگے بہن بھائی بطور ٹیچر تعینات ہیں جو کبھی کبھی سکول آتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس حوالے سے زیڈای او منڈی سے شکایت کی جنہوںنے خود سکول کا معائنہ کرکے ان اساتذہ کے خلاف کارروائی کی ہے جس پر وہ ان کی سراہنا کرتے ہیں ۔زیڈ ای او منڈی نے بتایاکہ سکول میں تعینات دونوں اساتذہ کو طلباء کے والدین اور علاقہ کی عوام کی شکایات پر معطل کر دیاگیاہے اور ان کی جگہ دیگر دو اساتذہ تعینات کئے جائیںگے تاکہ درس و تدریس کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔
پی ایچ ڈی ڈگری تفویض
مینڈھر//غلام جیلانی ولد غلام مجتبیٰ (لیکچرار) سکنہ سلواہ تحصیل مینڈھر ضلع پونچھ کو جموں یونیورسٹی کے شعبہ اُردو کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازہ گیاہے۔اُنہوں نے ڈاکٹر محمد ریاض احمد کی نگرانی میں ’’قیصر شمیم شخص اورشاعر‘‘ موضوع پر اتنا تحقیقی وتنقیدی مقالہ پیش کیا ۔ موصوف کے اس سے قبل بھی بہت سے تحقیقی وتنقیدی مضامین اورکتب منظر عام پر آئی ہیں اور بعض غزلیں بھی مختلف رسائل وجرائد میں شائع ہوچکی ہیں۔