مینڈھر//بار ایسوسی ایشن مینڈھر نے مینڈھر کو علیحدہ ضلع بنانے کی مانگ کی ہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بار اراکین نے کہاکہ مینڈھر کو فوری طور ضلع کا درجہ دیا جائے کیونکہ ریا ست میں یہ علاقہ سب سے پرانی تحصیل ہے جو بڑی آبادی پر مشتمل ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ علاقہ آج تین تحصیلوں پر مشتمل ہے جس کو ضلع کادرجہ دے کر لوگوں کے ساتھ انصاف کیاجائے ۔بار کے نائب صدر ایڈووکیٹ شوکت چوہدری اور دیگر وکلاء نے کہا کہ اب ریاستی سرکار کو بغیر وقت ضائع کئے مینڈھر کو ضلع کا درجہ دیناچاہئے کیونکہ یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو پسماندہ اور سرحد پر واقع ہے اوراس کی تین تحصیلیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ مینڈھر سے روزانہ سینکڑوں لوگوں کو پونچھ جانا پڑتا ہے اور غریب عوام کے پاس پونچھ جانے کاخرچہ برداشت نہیں کرسکتے ۔ان کاکہناتھاکہ مینڈھر کی عوام کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے اور انہیںریاستی باشندہ سرٹیفکیٹ بنانے کے لئے بھی پونچھ جانا پڑتا ہے ۔انہوںنے سرکار کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگراس سلسلے میں جلد از جلد اقدامات نہ کئے گئے تو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریںگے ۔ان کا کہنا تھا کہ سرکار نے اگر کوٹرنکہ ،کالاکوٹ ،سندر بنی و نوشہرہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کی تعیناتی کو منظوری دی ہے توپھر مینڈھر کو بھی یہ حق سب سے پہلے ملناچاہئے تھا ۔انہوںنے کہاکہ مینڈھر اے ڈی سی ہی نہیں بلکہ ضلع درجہ کا مستحق ہے ۔انہوںنے انتباہ دیا کہ اگر مینڈھر میں ایک بار احتجاج شروع ہو گیا تو سرکار کے لئے کئی طرح کی مشکلات پیدا ہوجائیںگی اس لئے فوری طور پر مینڈھر کے لوگوں کے ساتھ انصاف کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ مینڈھر کے ساتھ ہمیشہ ناانصافیاں ہی ہوئی ہیں اورآج تک کسی بھی بڑے ادارے کا قیام اس علاقے میں نہیںہوا ۔ان کا کہنا تھا کہ سرکار فوری طور مینڈھر کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کرے تاکہ مینڈھر کے حالات خراب نہ ہوں۔پریس کانفرنس میں ایڈووکیٹ محمد شمیم خان،ایڈووکیٹ یوسف چوہدری، ایڈووکیٹ الیاس خان ، واحد خان ، نا زک حسین شاہ، دلیر خان ، بشارت چوہد ری بھی موجود تھے ۔ دریں اثناء بالاکوٹ یو تھ کلب اور مینڈھر سٹو ڈنٹس یو نین کے صدر نے بھی مینڈھر کیلئے ضلع کی مانگ کرتے ہوئے بار کی حمایت کی ہے ۔