پونچھ//تنظیم علماء اہل سنت والجماعت پونچھ کے ایک وفد نے تنظیم کے صدر مولانا سعیداحمد حبیبؔ کی قیادت میں بالاکوٹ کا دورۂ کیا جہاں گذشتہ دنوں سرحدی گولہ باری میں ایک ہی گھر کے پانچ افراد جان بحق ہوگئے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق متاثرہ خاندان اور پسماندگان کے ساتھ اظہار تعزیت کے لئے اس وفد میں تنظیم کے نائب صدر مولانا فتح محمد ،مولانا محمد اسلم قاسمی ممبر مجلس عاملہ مولانا ارشاد احمد ضیائی، مولوی سمیع اللہ خان شریک تھے ۔وفد نے بالاکوٹ کے گاؤں دیوتاجہاں یہ سانحہ پیش آیا ،پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور دعائے مغفرت کی۔ اس موقعہ پر مولانا سعید احمد حبیب نے تنظیم کے ریلیف فنڈ سے متاثرین کے لئے بیس ہزار روپے کا چیک بھی پیش کیا اور آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔مولانا نے سرحدی علاقوں کی حالت زار اورخوف وہراس پر بھی تشویش کااظہار کیا ۔اس موقعہ پر مولانا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سرحدی گولہ باری سے نجات کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے اور آپسی بات چیت کے ذریعہ سے امن کے ماحول کے قیام کے لئے سنجیدہ کوششیں کریں تاکہ آئے روز ایسے دلسوز سانحات سے سرحدی لوگوں کو نجات مل سکے۔ علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ خوف وہراس کا یہ عالم ہے کہ اب بچوں کا اسکول کے لئے جانا مشکل ہو چکا ہے مزدور طبقہ گھر سے باہر نکلنے سے لاچار ہے ایسے ماحول میں سرحدی لوگوں کی مشکلات کس قدر زیادہ ہیں ایسے میں ضروری ہے کہ حکومت عوام کے مال وجان کی حفاظت کرے اور ایسے سانحہ دوبارہ رونمانہ ہو اس کے لئے مکمل کوشش کرے ۔مولانا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس خاندان کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ مالی اعانت کی جائے اور باقی ماندہ دو بچیوں کی تعلیم اور علاج کا مکمل انتظام کرے۔