آئی ٹی بی پی اہلکارفوجی
اعزاز سے سپرد خاک
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سے تعلق رکھنے والے ایک آئی ٹی بی پی اہلکار کو فوجی اعزاز سے سپردخاک کردیاگیا جس کی موت چند روز قبل لہیہ میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی تھی ۔نثار حسین ولد فضل دین عمر 40سال ساکن کاسبلاڑی بگیوٹ آئی ٹی بی پی کااہلکار تھاجس کی 21مارچ کو لیہہ میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی ۔اس کی نعش کو آج آبائی علاقے لایاگیاجہاں آئی ٹی بی پی کے افسران اور اہلکاروںکی طرف سے سلامی دینے کے بعد اسے دفن کردیاگیا۔نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے ۔
سیول سوسائٹی بھی برہم
سرنکوٹ //بشیر خٹک کی صدارت میں سرنکوٹ میں سیول سوسائٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران مقررین نے ایس ڈی پی او کے تبادلہ پر ناراضگی کا اظہا رکیا ۔اس موقعہ پر انہوںنے کہاکہ موصوف نے ایک سال کے دوران سرنکوٹ کی فضا کو کافی حد تک بدل دیااور سماجی برائیوں جیسے منشیات اور دیگر کئی جرائم پیشہ عناصر کو اپنی گرفت میں لے کر شکنجہ کسا۔اس موقعہ پر بشیر کھٹک ،عظیم خان،نشاط شاہ،یوتھ کانگریس بلاک صدر سکندر حیات ،اعجاز چوہان ، تحصیل یوتھ صدر نیشنل کانفرنس سکندر نورانی ،افتخار خان،سفیر چوہدری نے بولتے ہوئے کہاکہ اصغر علی ملک کا تبادلہ اچانک سے کیاگیاہے اور مقامی لوگ اسے تسلیم نہیں کرتے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ تبادلہ سیاسی بنیاد پر ہواہے جو لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ ہے ۔انہوں نے ریاستی حکومت اور ریاستی گورنر کو اپیل کی کہ وہ ان کے تبادلے کو منسوخ کریں اور لوگوں کے جذبات کی قدر کی جائے۔
بالاکوٹ کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم
پینے کیلئے پانی دستیاب نہیں ، بجلی سپلائی کا نظام بھی خستہ
جا وید اقبال
مینڈھر// سر حدی تحصیل بالاکوٹ میں بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لو گو ں کو مشکلا ت کا سامنا کر نا پڑ تا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ جات اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔مقامی شہریوں ظہیر خان، گلصید خان، ما سٹر عنایت اللہ خان ،محفو ظ خان اورفا ضل خان کا کہنا ہے کہ ایک جانب بالاکوٹ میں پا کستا نی گو لہ با ری نے ان کا جینا حرام کررکھاہے اور دوسری جانب محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای نے ان کی پریشانیوں میں اضافہ کردیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پا کستا نی گو لہ با ری سے علا قہ میں پا نی کی پا پئیں اور بجلی کی تا ریں ٹو ٹ گئی ہیں جن کو اس وقت تک ٹھیک نہیں کیاگیاجس کے نتیجہ میں لوگوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہاہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ کئی کلو میٹر کی دوری سے پینے کیلئے صاف پانی لا تے ہیں جبکہ بجلی کا کوئی نا م و نشان نہیں اور لو گ 21ویںصدی میں بھی لا لٹین اور مو م بتیا ں جلانے پر مجبور ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب گو لہ با ری ہوتی ہے تو لوگ رات بھر اند ھیرے میں گز ارتے ہیںاوربجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچو ں کی پڑ ھائی بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلے سے ہی کشیدگی یہاں کے طلباء کو پڑھنے نہیں دیتی اور اوپر سے بجلی کا نہ ہونا بھی مشکلات کا باعث بن رہاہے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکو مت فو ری طور پر لو گو ں کو بنیا دی سہو لیات فر اہم کرنے کے اقدامات کرے اورعلا قہ میں مز ید ایمو لینس گا ڑیو ں دی جا ئیں جو زخمی افراد کوہسپتال پہنچائیں ۔ انہو ں نے ضلع تر قیا تی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ سر حدی علا قہ کے عوامی مسائل حل کرانے کیلئے ایک سینئر افسر یہاں تعینات کیاجائے ۔
۔3نئی ADC پوسٹوں کومنظوری
ذوالفقار نے وزیر اعلیٰ کی ستائش کی
راجوری//خوراک، شہری رسدات ،امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے راجوری کے لوگوں کونوشہرہ ، سندر بنی اور کالا کوٹ علاقوں کیلئے تین نئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کو کی تعیناتی کے لئے مبارک باد دی ۔کوٹرنکہ اور راجور ی میںپہلے ہی ان کے دفاتر قائم ہیں ۔وزیر موصوف نے کہا کہ یہ قدم راجوری کے لوگوں کو ان کی دہلیز پربہتر اِنتظامی خدمات فراہم کرنے کے لئے اُٹھایا گیا ہے اور اس سے انتظامیہ کی کارکردگی میںمزید بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔اُنہوںنے کہا کہ لوگوں کی شکایات دور کرنے اور ترقیاتی کاموں میںنگرانی کرنے میں بھی یہ قدم مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ راجوری جو سرحد پر واقع ہے کے 12تحاصیل ہیں جہاںلوگ ہمیشہ آر پار کی فائرنگ کے خوف کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں ۔ اس قدم کی بدولت ان لوگوں کو تمام ترقیاتی و تعمیراتی معاملات میںفائدہ حاصل ہوگا۔وزیر نے وزیر اعلیٰ کا راجوری کے لوگوں کے تئیں اپنی کوششیں بروئے کار لانے کے سلسلے میں شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ نے عوامی رابطے پروگراموں کے دوران ضلع کے لوگوں کے مطالبات اور شکایات سنیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے عام لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھیں۔
کسانوں میںسیب اور اخروٹ کے پودے تقسیم
باغبانی شعبہ ریاست کی اقتصادی حالت کیلئے اہمیت کا حامل :کوہلی
راجوری//بھیڑ و پشو لن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کہا ہے کہ حکومت ہارٹیکلچر سیکٹر کو دوام بخشنے کے لئے کئی اقدامات کر رہی ہے کیونکہ اس شعبے میں لوگوں بالخصوص ریاست کے نوجوانوں کے لئے روزگار کے کافی وسائل موجود ہیں۔وزیر نے اِن باتوں کا اِظہار راجوری ضلع کے کالاکوٹ حلقے سے تعلق رکھنے الے کسانو ں میں سیب اور اخروٹ کے پودے تقسیم کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ کے عملے پر زور دیا ہے کہ وہ آپسی تال میل برقراررکھیں تاکہ راجوری ضلع میں معیاری پیداروار بڑھانے کے امکانات تلاش کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشنا س کرانے کے لئے پنچایتی سطحوں پر بیداری کیمپوں کا انعقاد کیا جانا چاہیئے ۔اُنہوں نے کہا کہ اس سیکٹر کی بدولت ریاست کے سماجی و اقتصادی منظر نامے میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔انہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ کسانوں تک پہنچ کر اُنہیں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق سے آگاہ کریں تاکہ وہ مختلف شعبوں میں اپنی پیداوار اور پیداواریت میںاضافہ کرسکیں۔
بیت الخلائوں کی تعمیر پر چیک تقسیم
راجوری//درہال کی پنچایت لیراں میں بی ڈی او درہال کی صدارت میں ایک تقریب کاانعقاد کیاگیاجس میں سوچھ بھارت مشن سکیم کے تحت بیت الخلائوں کی تعمیرکرنے والے کنبوں میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔ اس دوران بی ڈی او چوہدری عبدالحق نے لوگوں کو گھروں میںبیت الخلاتعمیر کرنے کے فوائدکے بارے میں جانکاری فراہم کی انہوں نے لوگوں سے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے چلائی جارہی صفائی ستھرائی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے یہاں کے باشندوں اہم رول اداکرسکتے ہیں۔چوہدری عبدالحق نے کہا کہ بلاک کو کھلے میں پاخانے کی سماجی برائی سے آزاد پاک کرناہے اس لیے ہر آدمی کو آگے آکرتعاون دیناچاہیئے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ گھروں میں بیت الخلا تعمیر کریںتاکہ ہم ضلع کو سماجی برائی سے آزاد کرنے میں کامیاب ہو جائے اور صاف و شفافٖ ماحول میں سانس لے سکیں۔انہوں نے فیلڈعملے کوہدایت دی کہ جن بیت الخلائوں کی تعمیرکاکام چل رہاہے اسے 31مارچ سے قبل مکمل کیاجائے۔اس موقعہ پر پنچایت کے معززشہریوں کے علاوہ پروگرام افسردرہال بھی موجودتھے۔
سماجی کارکن محمد اکبر خان انتقال کرگئے
مینڈھر//مینڈھر کے گائوںچک بنولہ کے سماجی کارکن محمد اکبر خان جنجوعہ کے انتقال پر مقامی سماجی و سیاسی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔تعزیت کرنے والوں میں پی ڈی پی سینئر لیڈرایڈووکیٹ محمد معروف خان،راجہ نسیم خان ،ایڈووکیٹ اکبر حسین جنجوعہ،ایڈووکیٹ انظار خان ،سردار محمد شمیم خان ،محمود خان جنجوعہ،محمد یعقوب خان،خورشید خان ،سجاول خان،محمد شوکت خان،نیاز خان،مشتاق فانی، طلعت سرور خان قابل ذکر ہیں ۔ انہوںنے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نیک سیرت اور نہایت ہی ایماندار شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی سماجی برائیوں کے خاتمے اور غریب پروری کی خاطر وقف کردی ۔انہوںنے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے ہمارے سماج میں جو خلا پیدا ہوئی ہے، اس کی ماضی قریب میں بھرپائی ہونا ناممکن ہے۔انہوںنے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کی ۔
سرنکوٹ میں بجلی نظام زبوں حالی کاشکار
کئی جگہوں پر ترسیلی لائنیں درختوں سے آویزاں
بختیار حسین
سرنکوٹ //تحصیل سرنکوٹ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ترسیلی لائنیں درختوں کے ساتھ لٹکی ہوئی ہیں جس سے لوگوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے ۔ سنئی، موہڑہ بچھائی، مرہوٹ گھونتھل اور کئی دیگر علاقوں کے لوگوں کی جانب سے شکایت موصول ہوئی ہے کہ گیارہ کے وی لائنوں کے ساتھ درختوں کی شاخیں موسم خراب ہونے پر جڑ جاتی ہیں جس سے بجلی میں خرابی آتی ہے اور پھر کئی گھنٹوں تک سپلائی بحال نہیں ہوتی ۔لوگوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان شکایات کو سنجیدگی سے نوٹس لیں اور محکمہ کے ملازمین کو متحرک کرکے بجلی نظام میں بہتری لائی جائے ۔اس ضمن میں جب اے ای ای محکمہ بجلی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ اپنے ملازمین کو ہدایات بھی جاری کی جائیںگی کہ لائنوں کو بجلی کی دستیابی کے لئے ہمہ وقت تیار رکھیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈاکٹر اصغرسامونؔ محسن اردو ایوارڈ2018سے سرفراز
راجوری//ریاست کے معروف علمی، ادبی اور تہذیبی ادارہ ہمالین ایجوکیشن راجوری کی طرف سے محکمہ تعلیم کے کمشنر سیکریٹری ڈاکٹر اصغرسامونؔ کومحسن اردو ایوارڈسے سرفراز کیاگیاہے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق ہمالین ایجوکیشن پچھلی چار دہائیوں سے پیر پنچال خطے میں اپنی ادبی، اخلاقی اور تعلیمی سرگرمیاں انجام دے رہاہے اوراس ادارہ کے روح رواں، معروف ادیب،شاعر اور ماہر تعلیم محمد فاروق مضطرؔ کے ہاتھوں اصغر سامون کو یہ اعزاز دیاگیا۔ فاروق مضطر نے حالیہ ریاستی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے قیام کے لئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اوروزیر تعلیم الطاف حسین بخاری کا شکریہ ادا کیا ۔اس دوران محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری اور اس کونسل کے سربراہ ڈاکٹر اصغر حسن سامون کو ہمالین ایجوکیشن مشن کی جانب سے محسن اردو2018کے ایوارڈ سے نوازاگیا۔ یہ ایوارڈ موصوف کو اعلیٰ تعلیم شعبے کے اردو و تحقیقی مجلہ کے اجرا کے موقعہ پر ریاست کی نامور علمی و ادبی شخصیات کی موجودگی میں پیش کیاگیا۔ یاد رہے کی ہمالین ایجوکیشن مشن کی ادبی شاخ دبستان ہمالیہ ایک لمبے عرصے سے عدبی اور تحقیقی سرگرمیوں کو نہ صرف پیر پنچال میں زندہ رکھے ہوئے ہے بلکہ ریاستی اور قومی سطح کے ادبی و شعری نشستیںاور کانفرنسیں اپنے طور پر اور ریاستی کلچرل اکادمی کے اشتراک سے منعقد کررہی ہے ۔ اردو کے فروغ کے لئے ایس سی پی یو ایل کے قیام کے لئے بھی اس ادارے نے کافی جدوجہد کی ۔ اس موقعہ پر فاروق مضطرؔ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سامونؔ صاحب نے اپنی صلاحیتیوں کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے نہایت جرأت مندی کے ساتھ محکمہ اعلیٰ تعلیم میں انقلاب لانے کے ساتھ ساتھ اس کونسل کے قیام میں ایک کلیدی رول نبھایاجس سے ایک تاریخ رقم ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ موصوف یقیناًمبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوںنے کونسل کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے یہ تمناظاہر کی کہ کونسل کے قیام کے بعد اب محبان اردو کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اردو زبان کے تئیں اپنے خلوص اور احساس نہ صرف فکری اور نظریاتی سطح پر بلکہ عملی سطح پر بھی ایک ہو کر اپنی بے لوث خدمت پیش کریں ،پھر جا کر ہی یہ کونسل اپنے مقاصد کو پورا کرنے میں اپنا رول دے پائے گی۔ اس موقعہ پر اصغر ساموؔن نے تمام اردو دوست صاحبان کو یہ یقین دلایا کہ وہ سب مل کر اس کونسل کو کامیاب اور معنی خیز بنانے میں اپنا کلیدی رول ادا کریںگے اور حکومت اس کونسل کو کامیاب بنانے میں وعدہ بند ہے۔اس تقریب میں ریاست کے نامور ادباء شعرااکرام، صحافی اور علم دوست حضرات موجود تھے۔ اس پروگرام کے انعقاد اورنظامت کے فرائض معروف شاعر اور ادیب ڈاکٹر لیاقت جعفریؔ نے انجام دیئے۔