پونچھ//محکمہ یو ای ڈی کے خلاف بچتر نگر کی عوام نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے نالے کی مرمت نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔مقامی لوگوںنے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کہ محکمہ قصبہ پونچھ میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے۔مقامی لوگوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد بشیر میر نے کہا کہ محلہ بچتر نگر اور محلہ کماں خان کے بیچوں بیچ گزرنے والے اس گندے نالے کو 2014میں آئے سیلاب کے دوران بہت نقصان پہنچا تھا جس کے بعد سے اب تک اس کی مرمت نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پورے شہر کی گندگی اس نالے میں جمع ہے جس سے نکلی والی بدبو ان لوگوں کے لئے اذیت کا باعث بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ بارہا متعلقہ محکمہ کے افسران سے اپیل کر چکے ہیں لیکن کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا جارہا۔ڈاکٹر رفیق میر نے کہا کہ قصبہ کے اکثر نالوں کی یہی حالت ہے جن کی مرمت نہیں کی جاتی اور نہ ہی صفائی ستھرائی ہوتی ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محلہ بچتر نگر میں مسجد کے سامنے نالے کی خستہ حالت کی وجہ سے نمازیوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہٰذا اس نالے کی فوری طور پر مرمت کی جائے اوراس کے اوپر لینٹر ڈالاجائے ۔