پونچھ+راجوری// ملک کے دوسرے حصوں کی طرح سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں بھی بھگوان رام کا جنم دن یعنی رام نومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ رام نومی تہوار کے سلسلے میں مندروں پر چراغاں کیا گیا تھا۔اہل ہنود برادری کو دن بھر مندروں میں مذہبی رسومات کی ادائیگی جیسے خصوصی پوجاپاٹ اور بجھن گانے میں مصروف دیکھا گیا۔ضلع پونچھ کا سب سے بڑا اجتماع گیتا بھون پونچھ میں ہوا۔یہاں پچھلے نو روز سے لگاتار بھگوان رام کی زندگی کے مختلف گوشوں پر بیرون ریاست سے آئی ہوئی سکالروں نے روشنی ڈالی۔اس موقعہ پر عقیدتمندوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جن میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی ۔شام کو تین بجے ایک شوبھا یاترا نکالی گئی جوصدر بازار بشمول تاریخی قلعہ سے گزری۔شوبایاترا میں بھگوان رام کی زندگی کے مختلف حصوں کی عکاسی کرتی جھانکیاں نکالی گئیں جبکہ عقیدتمند رام رام کے نعرے لگاتے ہوئے اور بھجن کیرتن کرتے ہوئے جوش و خروش میں دیکھے گئے ۔ ضلع کی دوسر تحصیلوںمیں واقع مندروں میں بھی اس سلسلے میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ضلع کے صدر مقام پر شیو پاروتی مندر، شیو دھام اور دیگر مشہور مندروں کو پھول مالاؤں اور رنگا رنگ روشنیوں سے سجایا گیا ۔اسی طرح سے راجوری میں بھی خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں ۔راجوری کے تمام مندروںمیں بھی تقریبات ہوئیں اور امن و ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں ۔اس دوران قصبہ سے جھانکیاں بھی نکالی گئیں جن میں بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔اس تہوار کے پیش نظر دونوں اضلاع میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے ۔