مینڈھر+سرنکوٹ// خطہ پیر پنجال کو وادی کشمیر سے ملا نے والی واحدمغل شاہر اہ سے بر ف ہٹا نے کا کام تیزی سے چل رہاہے اوردونوں اطراف سے متعلقہ محکمہ کی گاڑیاں پیر گلی تک پہنچ گئی ہیں ۔ واضح رہے کہ شاہراہ گز شتہ چار مہینو ں سے لگا تا ر بند ہے ۔ امسال شاہر اہ پر برفبا ری کم ہوئی تھی جس کو مارچ کے مہینے میں ہی صاف کردیاگیاہے اور اب گاڑیوں کی آمدورفت کاسلسلہ شروع کرنے کیلئے بچھی ہوئی برف ہٹائی جارہی ہے ۔ اس ضمن میں مغل شاہراہ کے ایگزیکٹو انجینئر مقبول حسین نے بتایاکہ یک طر فہ ٹر یفک کیلئے سڑک کو تیا رکر دیا گیاہے البتہ کچھ جگہوںسے برف ہٹانا باقی ہے اوراس کام کیلئے مشینیں لگائی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ روڈ کھولنے کا حتمی فیصلہ حکام کو کرناہے ۔راجوری اور پونچھ کے لوگوں کی مانگ ہے کہ شاہراہ پر ٹریفک بحال کردی جائے تاکہ انہیں سفر میں آسانی ہو ۔ مینڈھر کے لوگوں کاکہناہے کہ خطے کے کئی طلباء کشمیر میں زیر تعلیم ہیں اور اسی طرح سے کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں زیر تعلیم ہیں جن کو آنے جانے میں مشکلات کاسامناہے ۔ انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے بہت سے ایک دوسرے خطوں میں ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ کئی کے رشتہ دار ملاقات کیلئے بے چین ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس روڈ سے لوگوں کا ذریعہ معاش بھی جڑا ہواہے اس لئے اس کو فوری طور پرٹریفک کیلئے کھول دیاجائے ۔دریں اثناء سرنکوٹ کے لوگوںنے بھی سڑک کی فوری بحالی کا مطالبہ کیاہے۔ انہوںنے کہاکہ کئی لوگوں کو علاج کیلئے سرینگر جاناپڑتاہے جبکہ کئی طلباء وہاں زیر تعلیم ہیں جنہیں روڈ بند رہنے سے مشکلات کاسامناہے ۔رابطہ کرنے پر اے ڈی سی پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے بتایاکہ مغل شاہراہ پر کام شد و مد سے جاری ہے اور برف ہٹائی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کچھ مقامات پر پسیاں اور برف کے تودے گرآنے کا خطرہ لاحق ہے اور انتظامیہ صورتحال کو دیکھ کر ہی کوئی فیصلہ لے گی ۔بشارت حسین نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ پونچھ اور ضلع انتظامیہ شوپیاں دونوں ہی سڑک کھولنے کیلئے اقدامات کررہی ہیں اور برف ہٹانے کے کام پر ٹیمیں مامور ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر موسم نے ساتھ دیاتو روڈ بہت جلد کھول دی جائے گی ۔