منڈی//منڈی بازار میں گاڑیوں کا جام روزانہ کا معمول بن چکا ہے جس پر قابو پانے میں پولیس انتظامیہ بھی ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔منڈی بازار میں گھنٹوں گاڑیوں کا جام لگا رہتا ہے جس سے عام لوگوں کو چلنے پھرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اسی جام کی وجہ سے بازار میں دکانداروں کو بھی کافی مشکلات کا سامناہے تاہم پولیس بے بس نظر آرہی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق بازار میں اگر دونوں طرف سے بڑی گاڑیاں داخل ہو جائیں تو پھر گھنٹوں دکانداروں اور خاص کر بازار سے چلنے والے لوگوں کو مشکلات کاسامنارہتاہے مگر اس سلسلہ میں پولیس کی طرف سے کوئی بھی کارروائی نہیں کی جارہی ۔ان کاکہناہے کہ اگر چہ پولیس کی طرف سے چند ایس پی اوز بازار میں تعینات رہتے ہیں مگر وہ بھی اس جام کو نہیں کھلواپاتے۔ایک دکاندار نے کہا کہ جام کی وجہ سے ان کی تجارت پر کافی اثر پڑتا ہے مگر اس سلسلہ میں پولیس انتظامیہ کچھ بھی نہیں کر پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ منڈی بازار کافی تنگ ہے جہاںسے بیک وقت دو گاڑیوں کا گزر نہیںہوسکتا اور جب تک منڈی بائی پاس پل کی تعمیر یا بائی پاس سڑک نہیں بنتی تب تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ 2014کے سیلاب میں بہہ جانے والی منڈی بائی سڑک کی مرمت کرکے اسے قابل آمدورفت بنایاجائے تاکہ بڑی گاڑیوں کا گزر اس سڑک سے ہو ۔