پونچھ//پونچھ دورے پر آئے ہوئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز راہل دراوڑ نے کہا کہ وہ دنیا کے ہر ملک میں سیرو تفریح اور کرکٹ کھیل چکے ہیں مگر جموں و کشمیر جیسی خوبصورت جگہ کہیں نہیں دیکھی ۔ انہوںنے کہاکہ وہ ریاست کا پہلی بار دورہ کررہے ہیں اوریہ ریاست پوری دنیا میں خوبصورتی میں اپنا ایک الگ مقام رکھتی ہے ۔راہل نے کہاکہ وہ بہت خوش نصیب ہیں کہ یہاں کے لوگوں سے روبرو ملاقات ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ بہت ہی اچھے ہیں ۔راہل نے کہا کہ انہوں نے یہاں پر بھی مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی ۔واضح رہے کہ راہل دراوڑگزشتہ تین دن سے پونچھ کے اپنے نجی دورے پر ہیں جہاں وہ فوج کے 93برگیڈ کے برگیڈ کمانڈر اے ایس پنڈا کر کے پاس مہمان ہیں جوان کے رشتہ دار بھی ہیں۔ تقریب میں ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ،اے ڈی سی پونچھ بشارت انقلابی کے علاوہ دیگر لوگ بھی موجو د تھے ۔اس دوران راہل کے اعزاز میں پونچھ کے ناٹو ایڈیٹوریم میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پونچھ کے معززین اور سکولی طلباء نے شرکت کی۔تقریب سے پونچھ کے نامور ادیب پردیپ کھنہ نے خطاب کرتے ہوئے پونچھ کی تاریخ سے راہل کو روشناس کرواتے ہوئے کہا کہ پونچھ 1947سے پہلے ایک مکمل ریاست تھی اور اس کی پانچ تحصیلیں تھیں مگر بٹوارے کے بعد اس کی ڈھائی تحصیل پاکستان چلی گئیںجبکہ ڈھائی تحصیل ملک کے ساتھ منسلک ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ اگر چہ ہندوستان کا آخری کونہ ہے مگر یہاں پر ہر مذہب کے لوگ ہندو مسلمان سکھ عیسائی ایک گلدستے کی مانند اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے پونچھ کے تاریخی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ میں ننگالی صاحب زیارت، سائیں میراں بخش ،بابا بڈھا امرناتھ اور سائیں الٰہی بخش کے مقدس مقامات پائے جاتے ہیں جن پر یہاں کے لوگ بغیر مذہب و ملت اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہیں۔