پونچھ //جشنِ ولادتِ با سعادت مولائے کائنات امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم مذہبی عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق سب سے بڑی تقریب کانفرنس ہال ڈاک بنگلو پونچھ میں منعقد ہوئی۔محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے سید خالد حسین شاہ قادری نے کیا۔اُس کے بعد جشن میں شریک شعراء نے مولیٰ علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کی بارگاہ میں مختلف کلام پیش کئے۔اس تقریب کا اہتمام سنی یوتھ ونگ کی طرف سے کیاگیا ۔اس موقعہ پر مرکزِ اہلسنت و جماعت جامعہ انوار العلوم کے سربراہ ِ اعلیٰ مولانا حافظ عبدالمجید مدنی اور مولانا سید فداد حسین قادری پرنسپل جامعہ انوار العلوم بھی موجود تھے۔غلام حیدر آتش نے مولا علی کی بارگاہ میں کلام پیش کرکے سامعین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔ محمد انوار قادری نے اپنی پُر سوز آواز میں مولائے کائنات کی بارگاہ میں منقبت پیش کیں۔وہیںماسٹر قلب عباس موسوی نے شاندار کلام پیش کیا ۔ اس موقعہ پر بولتے سنی یوتھ ونگ کے ریاستی صدراعجاز احمد مدنی نے کہا کہ مولا علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کی زندگی نوجوانوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی کی زندگی میں انسان کے لئے رہنمائی موجود ہے اورنوجوانوں کو چاہیے کہ ان کی زندگی کا مطالعہ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ امیر المومنین کی حکومت میں عدل و انصاف کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔مدنی نے کہا کہ مولیٰ علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کی وراثت علم ہے اس لئے نوجوان نسل کو علمی میدان میں آگے آ کر قوم و ملت کی حقیقی رہنمائی کریں۔مدنی نے نوجوان نسل کو علامہ ڈاکٹر محمد اقبال علیہ الرحمہ کے آفاقی پیغام سے بھی آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نوجوان حق و صداقت کے راستے پر چلتے ہوئے اپنی قوم کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت قومِ ِ مسلم کے نوجوانوں کو تعلیم سے دور کیا جارہا ہے اور انہیں اشتعال دے کر ان کا مستقبل برباد کرنے کی کوشیش کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ ایسے مسلم مخالف عناصر سے دور رہیں اور اپنی تعلیمی منزل کو ہرگز نہ چھوڑیں۔ محفل کے اختتام پر پورے عالمِ اسلام کے لئے دعاء بھی مانگی گئی۔