پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ نے ضلع بھر میں بازاروں کا معائنہ کرکے غیر معیاری اور خراب سامان کو ضائع کیا ۔ اس دوران 40ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیاگیا ۔ قبل ازیں ناجائز تجاوزات کرنے والوں کے نام ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے تجاوزات ختم کرنے کو کہاگیا ۔
پونچھ میں ناجائز تجاوزات مخالف مہم شروع
حسین محتشم
پونچھ // قلعہ بازار پونچھ میں ناجائز تجاوزات کے حوالے سے عوامی شکایات ملنے پرڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پرتحصیلدار حویلی جہانگیر احمد نے پولیس کے ہمراہ مہم شروع کی ۔اس دوران قلعہ مارکیٹ و گردونواح میں فٹ پاتھوں پر ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دوکانداروں کی جانب سے کی گئی ناجائز تجاوزات کو جے سی پی کے ذریعہ ہٹایاگیا ۔تحصیلدار نے مقامی دوکانداروں کو تنبیہ کی کہ بازاروں میں ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لئے سرکاری زمین اور فٹ پاتھوں پر ہر قسم کے تجاوزات سے گریز کریں بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کا عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی روز صدربازار ، ضلع ہسپتال پونچھ اور مختلف سرکاری ادارو اور دفتروں کا اچانک دورہ کیا ۔اس دوران قلعہ مارکیٹ میں اور صدر بازار پونچھ میں دوکانداروں اور چھوٹے کاروباریوں کی جانب سے روز روز کی جا رہی ناجائز تجاوازات کی عوام نے موصوف سے شکایت کی تھی جس کے بعد انہوں نے تحصیلدار پونچھ کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دے کر تجاوزات ہٹائیں۔
سرنکوٹ میں ریڑھی فروش عتاب کا شکا ربنے
بختیا رحسین
سرنکوٹ // سرنکوٹ انتظامیہ کی طرف سے بازار میں کی گئی ناجائز تجاوزات مخالف مہم شروع کی گئی جس دوران 5600روپے جرمانہ بھی وصول کیاگیا۔تاہم اس دوران زیر عتاب ریڑھی فروش بنے اوران کا سامان تک ضبط کرلیاگیا ۔ایس ڈی ایم سرنکوٹ رشید کوہلی ، پولیس افسران و امور صارفین کے ٹی ایس اواور میونسپلٹی حکام نے بازار کا معائنہ کیا ۔اس دوران میونسپلٹی حکام نے3800روپے جبکہ امورصارفین نے 1800روپے جرمانہ وصول کیا ۔اس کارروائی پر کچھ دکانداروںخاص طور پر ریڑھی فروشوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ غریب لوگوں کو نشانہ بنایاگیا اور اثرورسوخ رکھنے والے تاجروں کو چھیڑا تک نہیں گیا ۔انہوںنے کہاکہ کچھ لوگوں کا سامان اٹھاکر واپس کردیاگیا اور یہ کارروائی انصاف پر مبنی نہیں ۔ان کاکہناتھاکہ بیروزگار نوجوان ریڑھیاں لگاکر کاروبار کرتے ہیں جن ان کے خلاف اس لئے کارروائی کی گئی کیونکہ وہ کم زبان ہیں اور بولتے نہیں ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس ڈی ایم نے کہاکہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور آئندہ بھی مہم چلائی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میںنوٹس جاری کردیاگیاہے اور ناجائز تجاوزات ہٹانے سے جہاں ٹریفک نظام میں بہتری آئے گی وہیں لوگوں کو مشکلات کاسامنا نہیں کرناپڑے گا۔
منڈی میں3800روپے وصول کیاگیا
عشرت بٹ
منڈی//منڈی صدر بازار میں تحصیل انتظامیہ کی جانب سے دورہ کرکے معائنہ کیاگیا جس دوران دکانداروں سے 3800روپے جرمانہ وصول کیاگیا۔اس دوران تحصیلدار منڈی عبدالقیوم ،تحصیل سپلائی افسر منڈی منموہن سوری اور ایس ایچ او منڈی نے بازار میں دوکانوں کا معائنہ کیااور غیر معیاری سامان فروخت کرنے والے دکانداروںسے 3800روپے بطور جرمانہ وصول کیا۔افسران نے دکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی دکانوں پر صاف اور معیاری اشیاء دستیاب رکھیں اور دکانوں کے باہر تجاوز نہ کریں کیونکہ اس سے ٹریفک نظام متاثر ہوتاہے۔دکانداروں کو ریٹ لسٹ بھی آوایزاں رکھنے کی ہدایت دی گئی اورساتھ ہی ان کو مومی لفافوں کا استعمال ترک کرنے کو کہاگیا۔یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پرانجام دی گئی ۔
مینڈھر اور بالاکوٹ میں بھی بازار کامعائنہ کیاگیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر اور بالاکوٹ میں بھی مقامی انتظامیہ کی طرف سے بازاروں کا معائنہ کرکے دکانداروں پر جرمانہ عائد کیاگیا ۔نائب تحصیلدار تعارف حسین شاہ کی قیادت میں ایک ٹیم نے مینڈھر بازار کا معائنہ کیا ۔اس ٹیم میں بی ایم او مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان ، فوڈ سیفٹی افسر پونچھ محمد طارق چوہدری ، بی ڈی او مینڈھر ،ٹی ایس او مینڈھر و پولیس افسران بھی موجو دتھے ۔ٹیم نے گلی سڑی سبزیاں اور پرانے پھل ضائع کئے اور موقعہ پر 9800روپے جرمانہ وصول کیا۔اسی طرح سے بالاکوٹ بازار میں بھی تحصیلدار خادم حسین شاہ کی قیادت میں معائنہ کیا گیا ۔اس موقعہ پر ٹی ایس او بالاکوٹ کبیر خان اور پولیس کا عملہ موجود تھا۔ٹیم نے بالاکوٹ میں 4100روپے جرمانہ وصول کیا ۔دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ صاف ستھرا سامان فروخت کریں اور ناجائز منافع خوری سے گریز کریں ۔