سلوتری میں پینے کے پانی کی شدید قلت
حسین محتشم
پونچھ// سلوتری گائوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس پرمقامی لوگوں نے پریڈ پارک پونچھ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران لوگوںنے محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حالیہ اسمبلی سیشن کے دوران قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے حکومت کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے کی ہدایت دی تاہم اس کے باوجود پونچھ کے لوگ پینے کے پانی کیلئے پریشان ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سلوتری میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور انہیں دور دور سے بھی پانی نہیں مل رہا۔ان کاکہناتھاکہ وہ پانی کی سپلائی کیلئے متعلقہ حکام سے بارہا اپیل کرچکے ہیں مگر ان کے کانوں جوں تک نہیں رینگتی ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ کے افسران کو ہدایت دیں کہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنایاجائے نہیں تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔
امریکہ فرعونِ وقت
مدرسے پر بمباری کی مذمت
طارق شال
تھنہ منڈی //دوروزقبل افغانستان کے صوبہ قندوزمیں امریکی طیاروں کی بمباری سے دینی مدرسے کے ایک سو سے زائد حفاظ وعلماکرام کی ہلاکت پر رابطہ مدارس عربیہ دارالعلوم دیوبندشاخ راجوری نے کہاہے کہ یہ واقعہ امریکہ کی اسلام دشمن کا ثبوت دیتاہے ۔ اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ذمہ داران نے کہاکہ اس وحشیانہ حملے کی ساری ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے اوراس سے اس بات کابھی پتہ چلتاہے کہ موجودہ وقت کافرعون امریکہ ہے جو پوری دنیا خاص طور پر عالم اسلام کو خون میں نہلاناچاہتاہے ۔انہوںنے کہاکہ آج کیوں انسانی حقوق کے ٹھیکیدار خاموش ہیں اور ان کی زبان سے اف تک نہیں نکلتااور کیوں عالمی میڈیا کو سانپ سونگ گیاہے ۔انہوںنے کہاکہ امریکہ کی ظالم و جابر حکومت نے پوری دنیا میں قتل و خون کا بازار گرم کررکھاہے اور ہر جگہ افراتفری پھیلائی گئی ہے ۔اس موقعہ پر کشمیر میں ہوئی حالیہ شہری ہلاکتوں پر بھی تشویش کا اظہار کیاگیا اور حکومت سے اپیل کی گئی کہ بات چیت کا راستہ اختیار کرکے مسائل حل کئے جائیں ۔اجلاس میںعبدالغفور ،مولاناضیاالرحمن ،مولاناعبدالرحیم خاکی،مفتی ریاض اشاعتی،مولانامنظوراحمد،مفتی عبدالرحیم ضیائی قاسمی، مولاناجاویدقاسمی ،مولانالعل الدین وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
دوافروش کے ہاتھوں میڈیکل افسر کی پٹائی
پرائمری ہیلتھ سنٹر دھار گلون کئی گھنٹے بند رہا
جاوید اقبال
مینڈھر //پرائمری ہیلتھ سنٹر دھار گلون میں تعینات عملے نے اس وقات بطور احتجاج ہسپتال کو کئی گھنٹے تک کیلئے بند رکھاجب ایک دوافروش نے میڈیکل افسر کی پٹائی کردی ۔ذرائع کے مطابق پرائمری ہیلتھ سنٹر دھار گلون میں ایک مریض خاتون ڈاکٹر ثمینہ نازکے پاس علاج کیلئے آیا جنہوںنے اسے نسخے پر دوائی لکھ کر دی ۔ معائنہ کے بعد مریض ماڈرن میڈیکل ہال دھار گلون گیاجہاںسے اس نے دوائی خرید کر لائی اور اسے معائنہ کروانے کیلئے پھر سے خاتون ڈاکٹر کے پاس لایا ۔ تاہم جونہی ڈاکٹر نے دوائی دیکھی تو مریض سے کہاکہ یہ دوائی ہسپتال کے اندر سے لینے کیلئے کہاگیاتھا اور اسے باہر سے خرید کر نہیں لاناچاہئے تھا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ مریض واپس پلٹ کر پھر سے دکان پر گیا اور دوائی واپس کردی لیکن کچھ ہی وقت بعد دکان کا مالک دوائی لیکر ہسپتال آگیا اور اس نے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ توتومیں میں شروع کردی ۔ذرائع نے بتایاکہ میڈیکل افسر ڈاکٹر لطیف چوہدری نے مداخلت کرتے ہوئے دکان کے مالک کو وہاںسے چلے جانے کو کہا تاہم اس نے میڈیکل افسرکو ہی پیٹنا شروع کردیا ۔اس واقعہ پر ہسپتال کے پورے عملہ نے احتجاج کیا اور سبھی ملازم ہسپتال بند کرکے مینڈھر پہنچ گئے جہاں میڈیکل افسر کو زیر علاج رکھاگیاہے ۔ کئی گھنٹے تک ہسپتال بند رہنے کے بعد بی ایم او مینڈھر نے کارروائی کا یقین دلاکر انہیں واپس ہسپتال بھیجا ۔وہیں اس سلسلے میں پولیس تھانہ گورسائی میں ایف آئی آر زیر نمبر 25/2018زیر دفعات 353/332/354/382کا کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
وبودھ گپتا نے تین سالہ رپورٹ کارڈ جاری کیا
راجوری //بھاجپا سے تعلق رکھنے والے ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبود گپتا نے بطور ایم ایل سی تین سال پورے ہونے پر اپنا رپورٹ کارڈ جاری کیا ۔ اس دوران انہوںنے راجوری پاسپورٹ سیوا کیندرا اور راجوری شہر میں تین پلوں کی تعمیر کو اہم حصولیابی کے طور پر بیان کیا ۔ راجوری پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گپتا نے کہاکہ انہوںنے ان تین برسوں کے دوران شہر و دیگر علاقہ جات کی تعمیر وترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کرنے کی کوشش کی ۔انہوںنے کہاکہ ڈپٹی کمشنر راجوری شہر کو نیا بنانے کے خواب کی تعبیر کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ راجوری شہر کیلئے دو بڑی واٹر سپلائی سکیمیں شروع کی جارہی ہیں جن سے پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ شہر کی از سر نو تعمیر اہم ااقدام ہے اور راجوری میں پاسپورٹ سیوا کیندرا کا کھلنے سے راجوری پونچھ کے لوگوں کو بہت فائدہ پہنچے گا جنہیں اس سے قبل اس دستاویز کیلئے جموں جاناپڑتاتھا۔اس موقعہ پر بی بی وید ، اتم گپتا اور رنجیت تار ابھی موجو دتھے ۔
۔4مزید افراد عدالتی تحویل میں
راجوری //پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں پر تنبیہ کرتے ہوئے چار مزید افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیاہے ۔ان افراد میں راجن گپتا عرف لڈی ولد راج کمار ساکن کالاکوٹ ، ارجن چندن ولد سبھاش چندن ساکن ڈھنی دھار، وسیم شاہ ولد طفیل احمد ساکن ڈھنی دھاراور محمد وسیم عرف جگنو ولد نذیر حسین ساکن بیلہ کالونی راجوری شامل ہیں جن کو غیر قانونی سرگرمیوں اور منشیات میں ملوث بتایاگیاہے ۔ ان کی حراست ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے حکمنامہ پر ہوئی ہے ۔ان چاروں افراد کو پولیس نے ضلع جیل ڈھانگری منتقل کردیاہے ۔
درہال میں افیون کی کاشت تباہ کی گئی
درہال //پولیس نے درہال سے افیون کی کاشت کی فصل تباہ کرتے ہوئے بڑی کامیابی کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایس ڈی پی او تھنہ منڈی افتخار طالب اور ایس ایچ او درہال حبیب پٹھان کو اس بات کی اطلاعات ملی تھیں کہ درہال کے چوکیاں اور ڈڈاج علاقوں میں افیون کی کاشت کی جارہی ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسے تباہ کردیا۔پولیس نے بتایاکہ یہ فصل محمد اخلاق ولد غلام مصطفی ، عبدالمجید ولد محمد شریف ، حاجی غلام رسول ولد محمد شریف ، محمد شکور ولد محمد شفیع ساکنان ڈڈاج درہال اور محمد سکل ولد کرامت اللہ ملک ساکن چوکیاں نے غیر قانونی طو ر پر اگائی تھی ۔اس سلسلے میں افتخار طالب اور ایس ایچ او کی قیادت میں ایک ٹیم نے دونوں مقامات پر چھاپہ مار کر اس فصل کو تباہ کردیا ۔ پولیس نے اس حوالے سے ایف آئی آر زیر نمبر 19/2018 U/S 08/18این ڈی پی ایس ایکٹ کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شرو ع کردی ہے ۔ یہ کارروائی ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی نگرانی میں انجام دی گئی ۔
کوٹرنکہ میں2ملازم معطل
کوٹرنکہ// تحصیلدار کوٹرنکہ محمد رفیق چوہدری نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کرکے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ا س دوران تحصیلدارمحکمہ مال کے دفتر بھی گئے جہاں دو ملازمین کو ڈیوٹی سے غیرحاضر پایاگیا جنہیں معطل کردیاگیاہے ۔ تحصیلدار نے کہاکہ حکومت ملازم کو کام کے لئے تنخواہ دیتی ہے اور اگر وہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہیںگے تو ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔
فیزیکل ماسٹر کے تبادلے پر تقریب
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے ہائی اسکول عظمت آباد میں فیزیکل ماسٹر رخسار احمد بٹ کے تبادلے کے سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ہیڈ ماسٹر ہائی اسکول عظمت آباد گلزار احمد خان، اسکولی عملہ و بڑی تعداد میں طلباء نے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر ہیڈ ماسٹر نے کہاکہ رخسار احمد بٹ نے سات سال تک اس ہائی سکول میں اپنی خدمات انجام دیں اور کبھی سٹاف کی قلت محسوس نہیں ہونے دی ۔انہوںنے کہاکہ انہوںنے بطور ہیڈ ماسٹر بھی فرائض انجام دیئے اور وہ ایک اچھے منتظم ہیں ۔ہیڈ ماسٹر کاکہناتھاکہ رخسار بٹ نے گزشتہ سات سال میں اسکول کے بچوں کو نظم و ضبط کا پابند بنانے میں کڑی محنت کی اوراس کے بہتر نتائج بھی برآمد ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ موصوف کے تعاون سے سکول میں کئی بڑے پروگرام منعقد ہوئے ۔رخسار احمد کو اب گورنمنٹ گرلز ہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں تعینات کیاگیاہے ۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض ماسٹر شاہد طارق شال نے انجام دیئے۔سبھی نے رخسار بٹ کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
پولیس تھانہ سرنکوٹ میں الوداعیہ تقریب
بختیار حسین
سرنکوٹ //پولیس تھانہ سرنکوٹ میں الوداعیہ تقریب منعقد ہوئی جس دوران سابق ایس ڈی پی او سرنکوٹ اصغر علی ملک کو الوداع کیاگیا جبکہ نئے تعینات ہونے والے ایس ڈی پی او ریاض احمد کا استقبال کیاگیا ۔اس موقعہ پر ایس ایچ او انظر میر اور دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔پولیس افسران نے تبدیل ہورہے ایس ڈی پی او کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے منشیات مخالف اور دیگر جرائم کے خلاف کامیابی سے مہم چلائی ۔ انہوںنے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اسی طرح سے انہوںنے نئے ایس ڈی پی او کا استقبال کرتے ہوئے انہیں بھرپور تعاون دینے کا یقین دلایا ۔
زیر زمین پانی کا استعمال وقت کا تقاضا:کوہلی
اندرولہ میں 67لاکھ لاگت والے بورویل کا سنگ بنیاد رکھا
جموں//بھیڑ و پشو پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے راجوری ضلع کے کالا کوٹ تحصیل کے اندرولہ گائوں میں بور ویل کی کھدائی کے کام کا آغاز کردیا۔یہ کام بارڈر ائیر یا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 67لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے 5 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔اس کنویں سے علاقے کے 2ہزار 400 نفوس کو پینے کے پانی کی سہولیت فراہم ہوگی ۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کو درپیش مسائل سے پوری طرح باخبر ہے اور لوگوں کے طرزِ زندگی میں مزید بہتری لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ریاستی عوام خصوصاً دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی سرکار وعدہ بند ہے ۔ وزیر نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ نے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے مؤثر منصوبہ تیار کیا ہے اور اس سلسلے میں سروے بھی جاری ہے۔ وزیر نے کہا کہ واٹر سپلائی سکیمیں تعمیر کرنے کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کی جارہی ہے ۔وزیر نے کہا کہ زیر زمین پانی کو استعمال میں لانا وقت کا تقاضا ہے تاکہ پینے کے پانی کی بڑھتی مانگ کو پورا کیا جاسکے ۔انہوں نے پانی منصفانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کالا کوٹ حلقے میں صحت عامہ محکمہ کے ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کے لئے محکم کے حق میں خاطر خواہ رقومات واگزار کی گئی ہیں۔مقامی لوگوں نے اُن کے مطالبات پورا کرنے کے لئے وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحتِ عامہ کے سینئر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔
دسل میں یوتھ کانگریس کااجلاس
راجوری//دسل کے وارڈنمبر 14 میں آل انڈیایوتھ کانگریس کے ضلع صدرحسن مرزا کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں وارڈکے لوگوں نے اپنے مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس دوران یوتھ کانگریس لیڈران نے ریاستی مخلوط حکومت کی کارکردگی پرعدم اطمینان کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ وارڈنمبر 14 دسل میں لوگوں کوپانی ،سڑک اوردیگربنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے پریشانی کاسامناکرناپڑرہاہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں پرگذشتہ دس دنوں سے پانی سپلائی نہیں ہواہے ۔اس کے علاوہ سڑک کی حالت بھی نہایت خستہ ہے ۔اس دوران میٹنگ میں یوتھ لیڈران نے متعلقہ حکام سے پانی کی عدم دستیابی کے سلسلے میں بات کی اورجلدازجلدپانی سپلائی بحال کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے انتباہ دیاکہ اگرایسانہیں کیاتویوتھ کانگریس احتجاج کرے گی۔اس دوران میٹنگ میں دانش خان یوتھ لیڈر،عرفان خان جنرل سیکریٹری، محمدسلیم جنرل سیکریٹری ،فریدچوہدری سیکریٹری ودیگران نے شرکت کی۔
درہال میں تعمیر وترقی کے دعوے فرضی :لیاقت علی
کوٹرنکہ // کوٹرنکہ میں نیشنل کانفرنس کی ماہانہ میٹنگ منعقد ہوئی جس صدارت نیشنل کانفرنس کے سینئرلیڈر ایڈووکیٹ لیاقت چوہدری نے کی جس میں نیشنل کانفرنس کے ضلع جنرل سیکریٹری چوہدری محمد شفیع، بلاک صدر ایوب پہلوان، بلاک سیکریٹری سخی محمد،یوتھ لیڈر وقار لون، مولوی مصری ودیگر کارکنان نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر ایڈووکیٹ لیاقت علی چوہدری نے موجودہ مخلوط سرکار کی کاکردگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے دور میں شرو ع کئے گئے کاموں کو بند کردیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ مقامی ایم ایل اے جو وزیر بھی ہیں ، آئے دن بھاشن دیتے ہیں کہ انہوں نے اسمبلی حلقہ درہال بدھل میں تعمیر وترقی کے جال بچھادیئے ہیں لیکن وہ وزیرسے پوچھنا چاہتے ہیں کہ ان کے دور اقتدار میں کون سی سڑک مکمل تعمیر ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ صرف فرضی دعوے کئے جارہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے کہاکہ جس بھی سڑک کو دیکھاجائے تواس کی حالت خراب ہے جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹر نایاب ہیں ۔لیاقت چوہدری نے کہا کہ کوٹرنکہ بدھل سڑک پر کام محکمہ گریف نے آٹھ سال پہلے شروع کیا تھا لیکن ابھی تک بیس فیصد کام مکمل نہیں ہوااور نہ ہی کوئی پوچھنے والاہے کیونکہ چوہدری ذوالفقارعلی نے ہی خود لوٹ کھسوٹ مچائی ہوئی ہے ۔
پونچھ میں مفت طبی کیمپوں کا انعقاد کیاجائے گا
پونچھ //لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے ضلع انتظامیہ پونچھ نے طبی کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ لیاہے ۔ذرائع کے مطابق ان طبی کیمپوں کے دوران مریضوں کا معائنہ کیاجائے گا اور ان میں مفت دوائیاں تقسیم ہوںگی ۔اس سلسلے میں دس اپریل کو پرائمری ہیلتھ سنٹر ساوجیاں میں کیمپ منعقد ہواجس میں چھاپٹریاں ، ڈنو گام ، بیدار ، اڑی پورہ کے لوگوں کی تشخیص کی جائے گی ۔اس دوران معذوری کی اسناد بھی تقسیم ہوںگی ۔اسی طرح سے اٹھارہ اپریل کو پنچایت گھر اڑائی ملکاں میں کیمپ منعقد ہواجس میں ملکاں ، حویلی ، پیڑیاں علاقوں کی طبی تشخیص عمل میں لائی جائے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ 26اپریل کو اسی طرح کا ایک کیمپ پائن ووڈ سکول بالاکوٹ میں ہوگاجس میں بھروتی ، پنجنی ، سرولا ، دھراٹی ، بسونی ، ڈبی ، کھنیتر ، سندیوٹ اور بہروٹ کی طبی جانچ کی جائے گی ۔