بانہال // قصبہ رام بن کے میترہ علاقے میں ایک کمسن بچی کے ساتھ عصمت ریزی کے بعد ملوث مجرم کو رام بن پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور اس سلسلے میں دفعہ 376 رنبیر پینل کوڈ کے تحت رام بن پولیس سٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے یہ کاروائی چھ سالہ بچی مہک بانو کے والد محمد الیاس ساکنہ میترہ رام بن کی طرف سے رام بن پولیس کو دی گئی ایک تحریری شکایت کے بعد عمل میں لائی ہے جس میں معصوم بچی کے والد نے کہا ہے کہ مجرم آشیش کمار ولد پرہمو ساکنہ میترہ، رامبن نے بدھ کی سہ پہر اس وقت اس بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا جب یہ بچی دیگر مقامی بچیوں کے ساتھ میترہ میں کھیل رہی تھی۔ ڈی ایس پی ہیڈکواٹر رام بن توصیف ریشی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ اس بچی کے والد محمد الیاس کی تحریری شکایت کے بعد میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ادہمپور میں لڑکی کی جانچ کی ہے جبکہ مجرم آشیش کمار ولد پرہمو ساکنہ میترہ کو گرفتار کرنے کے بعد رام بن کورٹ کے حکم پر رنبیر سنگھ پورہ ،جموں میں نابالغ مجرموں کیلئے قائم جوینائل سینٹر بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کا ادہمپور میں میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جانچ کی ہے اور اب اس بچی کو اپنے والدین کے سپرد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے میں کیس نمبر 47/2018 زیر دفعہ 376 RPC درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔