ڈوڈہ//ضلع کے چرالہ کے مکینوں نے سڑک کی خستہ حالی کو لیکر بھدرواہ کے ممبر اسمبلی اور حُکام خصوصاً آر اینڈ بی/پی ڈبلیو ڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کی قیادت سرپنچ بھالرا رومیش منہاس اور سرپنچ پونیجہ سوم راج بھگت کر رہے تھے۔مظاہرین انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے،اُن کا الزام تھا کہ دہائیوں سے اس سڑک کی مرمت نہیں کی گئی ہے جس پر وہ مقامی ایم ایل اے کے خلاف خفا تھے۔مظاہرین کا الزام تھا کہ مقامی ایم ایل اے نے اس علاقہ کو فراموش کیا ہے۔مقامی لوگوں نے ایم ایل اے دلیپ سنگھ پریہار پر اس علاقہ کی اندیکھی کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس وجہ سے یہاں کے لوگوں کو بد ترین حالات میں گُذارہ کرنا پڑتا ہے۔ان لوگوں نے الزام لگایا کہ علاقہ کے لوگ گُذشتہ تین سالوں سے ا سڑک کی مرمت کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن انتظامیہ پر اسکا کوئی اثر نہیں ہو رہا ہے اور فقط یقین دہانیوں کے سوا کُچھ نہیں حاصل ہوا ہے۔سرپنچ گھو ستی چرالہ نے کہا کہ حُکام نے انہیں سوگواڑی سے سیوا تک کی18کلو میٹر سڑک کی مرمت کا یقین دلایا تھا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں عملی طور کُچھ نہیں ہوا ہے جسکی وجہ سے لوگوں کو جان جوکھم میں ڈال کر اس سڑک پر سفر کرنا پڑ رہا ہے،جو خطرے سے خالی نہیں ہے۔سرپنچ بھالرا رومیش کمار نے کہا کہ یہ سڑک کئی برسوں سے خستہ ہوئی ہے،جسکی وجہ سے ہمیں ہر روز مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس نے کہا کہ اس سڑک پر جگہ جگہ گھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے موسم میں اس سڑک سے چلنا بہت ہی مشکل ہوجاتا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ چرالہ سڑ ک کا سنگ بنیاد سابقہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے دور اقتدار کے دوران 16اکتوبر 1982 کو ڈالا تھا لیکن بدقسمتی سے تب سے اس پر تار کول نہیں بچھایا گیا ہے۔علاقہ کے مکینوں نے ایم ایل اے بھدرواہ سے اس سلسلہ میں گُذارش کی تھی لیکن کوئی فائدہ نہیںہوا ہے۔لوگوں نے سرکار کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس سڑک کی فوری مرمت نہیں کی گئی تو وہ جامع احتجاج کریں گے جسکی ساری ذمہ واری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔