بانہال //ضلع رام بن کے کرول کنڈی سڑک پر جمعہ کی صبح ہوئے حادثہ میں مرنے والے دونوں بھائی جڑواں تھے۔ وہ نہ صرف ہمشکل تھے بلکہ ان کی عادات و اطوار میں بھی حیرت انگیز حد تک مشابہت تھی۔ وہ دونوں ساتھ پیدا ہوئے، ایک ہی طرح کی تربیت پائی، ایک ہی سکول اور کالج میں تعلیم حاصل کی۔ ذریعہ معاش بھی ایک ہی اپنایا کہ محکمہ تعلیم میں جنرل لائن ٹیچر کے طوربھی ایک ہی دن بھرتی ہوئے۔ دونوں روز اپنے اپنے اسکول جانے کیلئے ایک ساتھ ہی نکلا کرتے تھے اور آج انہوں نے اس دارِ فانی کو بھی ایکساتھ الوداع کہہ دیا۔ 37سالہ منجیت سنگھ اور سنجے سنگھ 29 اکتوبر 1981 کو پیدا ہوئے تھے اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد دونوں بھائیوں کی تعینات بطور جنرل لائین ٹیچر 27 ستمبر 2012 کو عمل میں آئی تھی اور مرتے دم تک دونوں اکٹھے رہنے کے بعد جمعہ کی صبح سڑک حادثے میں جان بھی اکٹھے ہی دی۔اگر کوئی بات مشترک نہ تھی تو وہ ان کی ازدواجی زندگی تھی، منجیت سنگھ رکوال کی شادی 04 ستمبر 2014 کو ہوئی تھی اور وہ ایک بیٹے کا باپ ہے جبکہ منجیت سنگھ رکوال کی شادی 31 دسمبر 2016 کو ہوئی تھی اور اسکی اہلیہ حاملہ بتائی جاتی ہے۔ منجیت سنگھ اپر پرائمری سکول ڈھنڈل زون رام بن میں جبکہ سنجے سنگھ ہائی سکول جواگ تعلیمی زون رام بن میں تعینات تھے۔ مقامی لوگوں اور اساتذہ برادری کو اس واقعہ نے ہلا کر رکھ دیا ہے اور جڑواں بھائیوں کے دوست و اقارب سکتے کے عالم میں ہیں اور ان کے گھر اور علاقے میں کہرام ہے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی پورے ضلع رام بن میں افسوس کی لہر دوڑ گئی اور ان کے دوست ، ساتھی اور رشتہ دار ان کے گھر کی طرف تعزیت کیلئے جمع ہونا شروع ہوئے جہاں ماتم کا سماں تھا اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔مقامی اساتذہ کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کی موت محکمہ تعلیم کیلئے ایک بڑا نقصان ہے کیونکہ دونوں بھائی اپنے فرض کے تئیں سنجیدہ اور پابند تھے۔ ان کے پسماندگان میں والدین دو بھائی اور ایک بہن بھی شامل ہیں۔