راجوری //سوئوچھ بھارت مشن کے تحت ضلع راجوری میں آنگن واڑی مراکز میں اندراج رکھنے والے16000سے زائد بچوں کو بیت الخلائوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ضلع انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ ضلع انتظامیہ نے اس مہم کے تحت گزشتہ ماہ 1لاکھ 10ہزار کنبوں کا احاطہ کرنے کیلئے 60ہزار انفرادی بیت الخلاء تعمیر کرنے کا کام شروع کیاتھا اوراس دائرے میں ضلع بھرمیں پھیلے ہوئے 1665آنگن واڑی مراکز کو بھی لایاگیا ۔ترجمان نے بتایاکہ مالیاتی سال 2017-18کے شروع میں 212آنگن واڑی مراکز کو بیت الخلائوں کی سہولت میسر تھی جبکہ 2018مارچ میں خصوصی مہم شروع کرنے سے قبل یہ تعداد 497تک پہنچی تھی ۔انہوںنے بتایاکہ باقی ماندہ آنگن واڑی مراکز کا احاطہ کرنے کیلئے مارچ 2018کے مہینے میں 976بیت الخلائوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی اوراس طرح سے 31مارچ2018تک کل تعداد 1473پہنچ گئی جبکہ 192مزید یونٹوں کی تعمیر پر کام شروع کیاگیا ۔ترجمان کے مطابق مارچ کے مہینے میں ضلع کی 295پنچایتوں میں 80382بیت الخلاء تعمیر کئے گئے جبکہ 19کمیونٹی ڈیولپمنٹ بلاکوں میں 60488بیت الخلائوں کی تعمیر عمل میں لائی گئی ۔