مینڈھر//یوتھ نیشنل کانفرنس مینڈھرکا ایک وفد صوبائی سکریٹری ایڈووکیٹ ذیشان رانا کی قیادت میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے ملاقی ہوا۔ اس دوران ان کے ہمراہ یوتھ کے دیگر کارکنان بھی تھے ۔انہوں نے مینڈھر کے حالات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے کہا کہ مینڈھرمیں عید گاہ ،قبرستان،پارکنگ جیسی سہولیات میسر نہیںجبکہ پانی و بجلی سپلائی کا نظام بہت ہی خراب ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سے پانی لاناپڑتاہے ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہاجس کی وجہ سے عام شہریوں کو نقصان ہورہاہے ۔انہوں نے کہا کہ فوری طور مزید بنکر تعمیر کئے جائیں تاکہ لوگوں کی جان محفوظ رہ سکے ۔انہوںنے کہاکہ مینڈھر بس اڈہ سے فوری طور ناجائز تجاوزات ہٹائی جائیں تاکہ گاڑیاں آرام سے کھڑی ہو سکیں ۔ان کاکہناتھاکہ دیگر مقامات سے بھی ناجائز تجاوزات کو ہٹایاجائے ۔انہوںنے مینڈھر میں عید گاہ ، قبرستان اور پارکنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کئی سال سے عید گاہ کی الاٹمنٹ کی فائل پتہ نہیں کس دفتر کی دھول چاٹ رہی ہے جسکو نکال کر زمین الاٹ کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مطالبات سننے کے بعد وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیںگے ۔وفد میں ایڈووکیٹ ظفر چوہدری یوتھ ضلع صدر پونچھ،یوتھ لیڈر سکندر چوہدری،ظفر ندیم،شفاعت چوہدری،غلام مصطفی وغیرہ بھی شامل تھے ۔