منڈی//پونچھ بار ایسوسی ایشن نے جموں بار ایسوسی ایشن کی طرف سے دی گئی جموں بند کال سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سجاد چوہان نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ بار ایسوسی ایشن اور پیر پنچال کے تمام وکلاء نے بار ایسوسی ایشن جموں کی طرف سے آصفہ قتل معاملے اورروہنگیا مسلمانوں کو جموںبدر کرنے پر آئی کال پر لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ آصفہ قتل کیس کی تحقیقات کرائم برانچ سے ہی کرائی جائے ۔انہوںنے گزشتہ روز کٹھوعہ بار کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ قانون کے محافظوں کی طرف سے ایسا کیاجانا قابل افسوس ہے ۔انہوںنے کہاکہ پولیس کو ایسے وکلاء کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہئے جو کیس کی تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سجاد چوہان کا کہنا تھا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی حمایت کرتے ہیں اور ریاستی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ان مہاجرین کو تحفظ دیاجائے اور ایسے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے جو امن عمل کو تباہ کرناچاہتے ہیں ۔