مینڈھر//مینڈھر کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ایک بار پھر ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجس کے نتیجہ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہواہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج نے بھارت کی کئی چوکیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں پر بھی گولے داغے جس کی زد میں آکر ایک اہلکار ہلاک ہوگیا جس کی شناخت 4ایم ایل آئی سے وابستہ سپاہی تھراٹ کیرن کے طور پر ہوئی ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ پاکستانی افواج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بدھوار شام 4.45بجے سے بھارت کی کئی چوکیوں کو نشانہ بنایا جبکہ رہائشی علاقوں میں بھی گولے داغے ۔ذرائع کاکہناہے کہ بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا اوررد عمل میں پاکستانی فوج کی چوکیوںکو نشانہ بنایاگیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق اچانک اتنی زور دار گولہ باری کی گئی کہ وہ بڑی مشکل سے اپنے گھروں کے اندر پہنچ پائے ۔فائرنگ زدہ علاقہ میں شام تک کوئی بھی گاڑی نہیں چل رہی تھی کیونکہ لوگ ڈر سے اپنے گھروں میں محصور تھے ۔فائرنگ یہ سلسلہ شام سات بجے تک جاری رہا ۔دریں اثناء مقامی ذرائع نے بتایاکہ فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آکر محمد اقبال سکنہ گاہنی کا ایک گھوڑا ہلاک ہوگیا ۔