گول//پورے سب ڈویژن گول میں سڑکوں میں آبِ نکاس کا کوئی بندو بست نہیں کیا گیا ہے اور اگر کسی جگہ پر نالیاں بنائی تو گئیں لیکن یہ پوری نالیاں مٹی اور پتھروں سے بھری ہوئی ہے بارشوں کے دوران سارا پانی سڑکوں پر گزرتا ہے اور لوگوں کے رہائشی مکانات ، زرعی اراضی کو بھی اس سے کافی نقصان پہنچتا ہے ۔ اگر چہ کئی مرتبہ محکمہ جات جن میں گریف ، محکمہ تعمیرات ِ عامہ قابلِ ذکر ہیں سے مطالبہ کیا کہ نالیوں کو صاف کیا جائے اور جہاں پر نالیاں نہیں ہیں وہاں پر نالیاں تعمیر کی جائیںلیکن اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی اس کے علاوہ لوگوں نے ایس ڈی ایم گول ،تحصیلدار گول سے بھی مطالبہ کیا تھا لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔کئی روز سے لگا تار بارشوں کی وجہ سے گول بازار ، سنگلدان بازار اور گول سے سنگلدان تک شاہراہ ، گول سلبلہ ، جمن وغیرہ سڑکوں میں نالیاں نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا سارا پانی لوگوں کی زرعی اراضی میں چلا گیا اور کئی جگہوں پر رہائشی مکانات کا بھی اس تیز بارش کے پانی نے اپنا رُخ کیا جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ گول سلبلہ روڈ پر اگر چہ نالیاں کئی جگہوں پر ہیں لیکن یہ پوری نالیاں بھری پوئی ہیں اور سارا پانی سڑک کے بیچوں بیچ چلتا ہے ۔ یہاں پر کئی مرتبہ ایس ڈی ایم گول ، تحصیلدار گول سے بھی مطالبہ کیا تھا لیکن یہاں کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی وہیں پی ایم جی ایس وائی کی جانب سے سڑکیں بھی جہاں ناقص ہیں وہیں دوسری جانب آبِ نکا س نہ ہونے کی وجہ سے سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کر رہی ہیں ۔ سلبلہ سے آگے کی سڑک کی حالت بھی تالاب کی شکل اختیار کر گئی اور یہاں انسانوں کو چلنا کافی دشوار بن گیا ہے ۔ ادھر سنگلدان بازار میں بھی آبِ نکاس کا کوئی بندو بست نہیں ہے گزشتہ شدید بارشوں نے محکمہ گریف کی پول کھول کر رکھ دی ہے ۔ پوری گندگی بازار میں آئی اور نالیاں بند پڑی ہوئی ہیں ۔ لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیاکہ تمام سڑکوں کی نالیوں کو تعمیر کیا جائے اور جہاںپر نالیاں مٹی یا پتھروں سے بند پڑی ہوئی ہیں ان کو کھولا جائے تاکہ آنے والے برساتی موسم میں لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔