پونچھ//آنگن واڑی کارکنان نے اپنے مطالبات پر احتجاج43ویں روز بھی جاری رکھا۔اس دوران کارکنان اور ہیلپروں نے فوارہ گارڈن پونچھ میں جمع ہو کر دھرنا دیا اور احتجاجی ریلی بھی نکالی ۔خواتین ملازمین نے الزام لگایا کہ سرکار نے انہیں مجبور کیا کہ وہ سڑکوں پر اتر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ دو ماہ سے لگاتار کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں جس دوران سرکار کے کسی بھی وزیر نے ،ایم ایل اے نے یا ایم ایل سی نے ان کی خبر گیری نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پونچھ کا دورہ کیا تھا تو پہلے انہیں ان سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی لیکن جب انہوں نے زبردستی کی تو رات کو ساڑھے بارہ بجے انہیں ملاقات کو موقعہ فراہم کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا تھا کہ وہ ان کے مطالبات پورے کریں گی لیکن ابھی تک انہوں نے کوئی فیصلہ نہیں لیا۔انہوںنے کہاکہ اب محکمہ کے افسران کی طرف سے انہیں حراساں کیاجارہاہے اور یہ دھمکیاں دی جارہی ہیں انہیں ملازمت سے نکال دیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ وہ افسران کو مطلع کرکے احتجاج کررہی ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک کام پر واپس نہیں لوٹیںگی ۔