مجرموں کو بچانے کی کوشش :پہاڑی ایکشن فورم
جاوید اقبال
مینڈھر//پہاڑی ایکشن فورم مینڈھر نے کٹھو عہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کچھ فرقہ پرست طاقتیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عصمت ریزی کے کیس کو مذہبی رنگ دے رہی ہیںتاکہ مجرموں کو بچایاجاسکے۔فورم کے ارکان ایڈووکیٹ محمد شوکت چوہدری،محمد اعظم فانی،حاجی خورشید میر،حاجی محمد صادق خان،حاجی صدیق میر،شوکت علی خان،محمد رزاق خان ،طلعت سرور خان،وید پرکاش شرما،سرفراز خان،ماسٹر غلام احمد خان وغیرہ نے کہاکہ کرائم برانچ کی جانب سے کی جا رہی تحقیقات پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوناچاہئے اور قانون اپنا کام کرے گالیکن وہ ایسے لوگوں کی مذمت کرتے ہیں جنہوںنے چارج شیٹ میں رکاوٹیں ڈالیں اور بند و ہڑتالیں کیں ۔ان کاکہناتھاکہ بار ایسو سی ایشن جموں کی بند کال اور بار ایسوسی ایشن کٹھوعہ کی آصفہ قتل کیس کے مجرموں کو بچانے کی کوشش انسانیت سوزاقدامات ہیں اور انہوںنے وکالت کے پیشے کو بدنام کردیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ایک مخصوص طبقہ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے اور اگر غیر ریاستی یا غیر ملکی افراد کو جموں بدر کرنا ہے تو پھر اس میں صرف روہنگیا کا ہی نام کیوں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصفہ کے ساتھ ایک مندر میں زیادتی ہوئی اور اس سے شرم ناک واقعہ اور ہو ہی نہیں سکتا ۔انہوںنے کہاکہ ریاست کے امن و بھائی چارے کے ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور ایسا کرنے والوںکے خلاف کارروائی کی جائے۔
منڈی میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج
عشرت بٹ
منڈی// نماز جمعہ کے بعد تحصیل صدر مقام منڈی میں امام جمعہ و جماعت مرکزی جامعہ مسجد منڈی مولانا سید محمد امین شاہ گیلانی و امام جمعہ و جماعت جامعہ مسجد اعلیٰ پیر منڈی مولانا سید شاہد بخاری کی سربراہی میں رسانہ قتل و آبرو ریزی معاملے اور وادی میں عام شہریوں کی ہلاکت پر احتجاج کیاگیا ۔اس موقعہ پر جموں بار کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی ۔مقررین نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آصفہ قتل اور اس کے ساتھ کی گئی زیادتی میں ملوث تمام لوگوں کو پھانسی کی سزا دی جائے اور بار ایسوسی ایشن کے ان وکلاء کے خلاف کارروائی کی جائے جو مجرموں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اگر ایسا نہ ہواتو ریاست کے حالات سنگین ہوجائیںگے ۔مولانا سید محمد امین شاہ گیلانی نے کہا کہ بچی کے قاتلوں کو حکومت جلد از جلد پھانسی کی سزا دے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو جموں کشمیر کے مسلمان ریاست بھر میں احتجاج کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جموں بار ایسوسی ایشن کے وکلا اور بار کے صدر کی کڑی الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جنہوں نے جموں بند کال دے کر اس بات کا واضح ثبوت دیا کہ وہ جموں کشمیر میں مذہبی جنگ کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کو جموں بدر سازش کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔مولانا سید شاہد بخاری نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن نے اس معاملے پر جموں بند کال دے کر صوبہ جموں کو ریاست سے الگ کرنے کا اپنا موقف واضح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کیس میں ملوث ملزمان کو سزا نہ دی گئی تو پوری ریاست کے مسلمان آصفہ کو انصاف دلوانے کے لئے سڑکوں کا رخ اختیار کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ وادی میں شہری ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے پر روک لگائی جائے ۔سیول سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام عباس نے کہا کہ کشمیر میں بے گناہوں کی ہلاکت کے سلسلے پر روک لگائی جائے اور آصفہ کے لواحقین کو انصاف دلایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ کال دینے والے وکلاکے خلاف کارروائی کی جائے ۔ احتجاج سے عبدالاحد بٹ، ماسٹر امیر دین، شکیل پرے، آفتاب گنائی نے بھی خطاب کیا ۔
حمایتی وکلاء کیخلاف فوجداری مقدمہ درج کیاجائے:مولانافتح محمد
جاوید اقبال
مینڈھر// نائب صدرتنظیم علمائے اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ وامام وخطیب جامع مسجد انور مینڈھرمولانافتح محمدکہاکہ گزشتہ چار پانچ سال سے اس ملک میں ایک طبقہ اقتدار پر قبضہ کرکے اس ملک کوہندو راشٹربنانے کی کوششیں کررہاہے جسکا اس ملک کی آزادی میںکوئی کردار نہیں۔نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مولانا نے کہاکہ یہ طبقہ دوسری اقلیتوں و دلِت طبقہ کودیکھنانہیں چاہتا،جنہوں نے اس ملک میں مذہبی اقلیتوں کو اذیت پہنچانا اور انکے حقوق سلب کرنا اور انکی عزتوں کو تار تار کرنااپناشیوہ اور اپنی پہچان اور شناخت بنارکھی ۔انہوںنے کٹھوعہ واقعہ کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسے منصوبہ بند طریقہ سے عملایا گیا،جس سے پوری انسانیت شرمسار ہے۔ان کاکہناتھاکہ اس کے ساتھ ستم بالائے ستم یہ کہ جموں کی ہائی کورٹ بارایسویشن نے اس گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کی پشت پناہی کی،اور کٹھوعہ بارایسویشن نے چالان کو رکوانے کے لئے احتجاجی جلوس نکال کر نہایت بہیمانہ اور انسانیت دشمن جرم کا دانستہ ارتکاب کیا۔مولانا موصوف نے مطالبہ کیا کہ ایسے وکلاء کے خلاف فوجداری مقدمہ بلاتاخیر درج ہو،اور انکے لائسنس کو منسوخ کرکے فی الفورعبرت ناک سزادی جائے۔ان کاکہناتھاکہ وکلاء برادری ایسے وکلاء کا سماجی بائیکاٹ کریںاور جن ایم ایل اے ،وزراء نے اس واقعہ کی پشت پناہی کی اور مجرموں کی کسی بھی طرح مدد کی اُن کی ایوانِ اسمبلی و کونسل کی رکنیت ختم کی جائے اورجنہوں نے ایسے انسانیت سوز واقعہ کے مجرموں کو بچانے کے لئے مختلف ذرائع سے تحقیقاتی ادارہ کو یرغمال بنانے ،شواہد کو مٹانے اور تحقیقاتی عمل کو معطل وسبوتارکرنے کی کوشش کی،انکے خلاف بھی فوجداری کارروائی عمل میں لائی جائے۔مولانا نے کہاکہ ملک وریاست میں برسرِ اقتدار جماعت اگر ہندوستان کے سیکولرآئین وڈھانچہ پریقین رکھتی ہے تو ایسے افراد کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے فارغ کرے،مگروہ ایسا کبھی بھی نہیں کرے گی،کیونکہ وہ غنڈوں اورانسانی اقدار کیخلاف کام کرنے والے افراد کا ہی ٹولہ ہے۔
پونچھ میں 2روزہ بیساکھی میلہ شروع
نیوز ڈیسک
پونچھ //گرداواہ ننگالی صاحب پونچھ میں دوروزہ بیساکھی میلہ شروع ہوگیاجس میں بڑی تعداد میںلوگ شریک ہورہے ہیں ۔یہ میلہ ہر سال بیساکھی کے موقعہ پر شروع ہوتاہے ۔میلے کے پہلے روز ملک بھر سے عقیدتمند پونچھ پہنچے اور انہوںنے گردوارہ میں حاضری دی ۔اس د وران انتظامیہ کی طرف سے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ ۔دریں اثناء راجوری پونچھ میں بھی بیساکھی میلہ جوش و خروش سے منایاگیا ۔
جے سی بی مشین نے 2گاڑیاں تباہ کردیں
سمت بھارگو
راجوری //گزشتہ رات جے سی بی مشین نے جموں پونچھ شاہراہ پر راجوری کے نزدیک مراد پور میں دو گاڑیوں کو ٹکر مار کر انہیں شدید نقصان پہنچایا ۔ذرائع نے بتایاکہ ساڑھے نو بجے مرادپور میں ایک جے سی بی مشین نے کار زیرنمبر JK12A 4812اور وین زیر نمبر JK11A 0288کو ٹکر مار کر شدید نقصان پہنچایا۔اس کے نتیجہ میں ایک شخص زخمی ہواجس کی شناخت سنجیو کمار ولد سوم پرکاش ساکن جواہرنگر راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس کاعلاج راجوری ہسپتال میں چل رہاہے ۔ وہیں پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
رہبر تعلیم اساتذہ کا اجلاس
ایس ڈی ایم مہور کے حکمنامہ پربرہمی کا اظہار
جاوید اقبال
مینڈھر//ڈاک بنگلہ مینڈھر میںرہبر تعلیم ٹیچرز فورم سب ڈویژن مینڈھر کی ایک میٹنگ زیر صدارت محمد شفیق خان منعقد ہوئی۔اس میٹنگ میں ریاستی سٹیٹ چیف کوآرڈی نیٹر خلیل خان نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر اساتذہ نے کہاکہ ایس ڈی ایم مہور نے حکم جاری کیاہے کہ پٹواری سکولوںکا معائنہ کریںگے جس کی وہ مذمت کرتے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ وزیر اعلیٰ کو فوری طور پر مداخلت کرکے ایسے افسرکے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جس کو استاد کا احترام نہیں اوراس حکمنامہ کو واپس لیاجائے نہیں تو پوری ریاست میں احتجاج کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ وہ چیکنگ سے نہیں ڈرتے لیکن ان کا احترام کیاجاناچاہئے ۔اس موقعہ پر محمد عارف خان،نثار احمد،محفوظ احمد،محمد عزیز،فیاضی منہاس،محمد معصوم ،کلیم خان،وسیم شاد،ترلوچن شرما،مقبول حسین شاہ وغیر موجود تھے۔
۔10سال سے مفرور ملزم گرفتار
منیر خان
راجوری // راجوری پولیس نے دسل کرایاں سے ایک شخص کو گرفتا رکرلیاہے جو پچھلے دس سال سے پولیس کو مطلوب تھا ۔پولیس کے مطابق محمد اکرم ولد محمد دین کو مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد گرفتار کرلیاگیا ۔ محمد اکرم پولیس کو کیس زیر نمبر 220/2008U/S 457/380/511میں مطلوب تھا جو پچھلے دس برسوںسے مفرور تھا۔یہ کارروائی نچارج پولیس چوکی سٹی ایس آئی دانش مقبول کی قیادت میں انجام دی گئی ۔