سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئرنائب صدر و سابق وزیر سید مشتا ق بخاری نے رسانہ قتل و عصمت دری کیس کی فاسٹ ٹریک بنیاد پر تحقیقات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اگر ریاستی حکومت متاثرہ کنبے کو انصاف نہیں فراہم کرپائی تو اسے اقتدار میں رہنے کاکوئی حق نہیں ۔ ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی پالیسیوں کی وجہ سے فرقہ پرست عناصر سرگرم ہوگئے ہیں اور ان کی دیدہ دلیری یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ وہ مجرموں کے حق میں ریلیاں نکالتے ہیں او رہڑتالیں کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تحقیقاتی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور ملزمان کو بچانے کیلئے طرح طرح کے حربے اختیار کئے جارہے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ اس معاملے پر سپریم کورٹ کا از خود نوٹس لینا قابل ستائش اقدام ہے اور اب انصاف کی جلد توقع کی جانی چاہئے ۔ بخاری نے کہاکہ بھاجپا وزراء کے استعفیٰ کافی نہیں بلکہ ہر اس شخص کا محاسبہ کیاجاناچاہئے جس نے بھی کمسن بچی کے قاتلوں کی حمایت کی ۔ان کاکہناتھاکہ یہ واقعہ انسانیت کے نام پر دھبہ ہے اور اس پر طرہ امتیاز یہ کہ مجرموں کی حمایت میں ہڑتال اور احتجاج کرکے باربار انسانیت کا قتل کیاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایسی ہڑتالوںسے جموں کا نام پوری دنیا میں بدنام ہواہے ۔انہوںنے تجارتی انجمنوں اور دیگر ان حلقوں کو مبارکباد پیش جنہوںنے اس بند کال کی مخالفت کی تھی ۔