مینڈھر//بالاکوٹ کے دھارگلون علاقہ میں لوگوں نے مینڈھر جموں شاہراہ کو بند کرکے رسانہ قتل کیس پرحتجاج کیا ۔انہوںنے ملزمان کو کیفرے کردار تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ انہیں پھانسی کے پھندے پر لٹکایاجائے ۔مقامی لوگوںنے مینڈھر جموں شاہراہ کو کئی گھنٹے تک بند کرکے زور دار احتجاج کیا اور کہاکہ ایک بچی کے ساتھ اس طرح کا ظلم برداشت سے باہر ہے ۔انہوںنے جموں بار ایسوسی ایشن اور کٹھوعہ بار ایسوسی ایشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسانیت سوز طاقتوں کے خلاف وکلاء کو میدان عمل میں آنا چاہیے لیکن سب کچھ الٹا ہو رہا ہے اور ملزمان کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو وکالت کے نام پر سیاہ دھبہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ رسانہ معاملے میں لواحقین کو انصاف ملناچاہئے ۔احتجاج کی قیادت کررہے ماجد کٹھانہ نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور ان وکلاء کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے جنہوں نے اس معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگت دینے کی کوشش کی اور مجرموں کے حق میں ریلیاں نکالی ۔انہوںنے کہا کہ اگر ریاست کے اندر یہی حالات رہے تو ریاستی حکومت کیلئے قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ کیس کی فاسٹ ٹریک بنیاد پر تحقیقات مکمل کرکے مجرموں کو سزا دی جائے ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ڈی پی ا ومینڈھر نے مداخلت کرکے کہاکہ ان کے مطالبات حکام کے نوٹس میں لائے جائیںگے جس کے بعد احتجاج ختم کیاگیا ۔