مینڈھر//گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے طلبا نے رسانہ معاملے پر احتجاجی جلوس نکالا جس کی سربراہی محمد اسد کیانی کر رہے تھے۔طلباءکے اس جلوس میں امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی اور دیگر بڑی تعداد میں لوگوں نے بھی شرکت کی ۔یہ جلوس بازار سے ہوتا ہوا بس اڈہ مینڈھر پہنچا جہاں خطاب کرتے ہوئے امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر نے کہا کہ سرکار عوام کے جان و مال کی حفاظت کرے اور رسانہ کے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیاجائے ۔انہوںنے جموں اور کٹھوعہ کے وکلاءکے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مجرموں کو بچانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور باضابطہ مقدمہ درج ہوناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ایسے وکلاءکو نااہل قرار دے کر ان کے لائسنس منسوخ کئے جائیں ۔مولانا نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا بیٹی بچاﺅ بیٹی پڑھاﺅ کا نعرہ کھوکھلا ثابت ہو گیا ہے اور مودی سرکار میں عصمت دری کے معاملات میں اضافہ ہورہاہے ۔انہوںنے مجرمان کو تختہ دھار پر لٹکانے کی مانگ کی ۔یہ جلوس بازار سے ہوتا ہوا ایس ڈی ایم دفتر مینڈھر پہنچا جہاں مولانا سلطان اورمحمد اسد کیانی کی قیادت میں ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر محمد تنویر کو ایک یاداشت نامہ پیش کیاگیا۔