مینڈھر//تعلیم زون ہرنی سے وابستہ گورنمنٹ پرائمری سکول جبڑاں سڑہوتی کئی عرصہ سے بندپڑاہے اور ادارہ میں تدریسی عملہ نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔طلباء کے والدین کا کہنا ہے کہ سکول کافی عرصہ سے بند ہے اورمحکمہ کی طرف سے اس میں کسی بھی استاد کو تعینات نہیں کیاگیا۔ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بچوں کو دوسرے نزدیکی سکول میں منتقل کرنا پڑا جہاں چھوٹے چھوٹے بچوں کو جانے میں کافی دقت پیش آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں بچوں کے اسناد بھی نہیں دئیے گئے کیونکہ یہ سکول ہی بندپڑاہواہے ۔انہوں نے زیڈ ای او ہرنی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی بار اعلیٰ آفیسران سے کہا کہ سکول میں اساتذہ تعینات کئے جائیں تاکہ طلباء کی تعلیم متاثر نہ ہونے پائے لیکن ان کی کسی نے نہیں سنی ۔انہوںنے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ زیڈ ای او ہرنی نے کئی اساتذہ دفتر میں اٹیچ کررکھے ہیں لیکن وہ ایک بھی استاد کو اس سکول میں نہیں بھیج رہے جس پر محکمہ کو انکوائری کرانی چاہئے ۔انہوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ خود انکوائری کریں اور سکول میں اساتذہ بھیجے جائیں ۔رابطہ کرنے پر چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ نے کہاکہ وہ زیڈ ای او سے بات کرکے بتائیں گے کہ سکول کیوں بند پڑاہے ۔