بانہال // بانہال کے کھڑی علاقے میں مقامی لوگوں اور ریلوے ورکروں کی انتھک محنت کے بعد ریلوے ٹنل کو تعمیر کرنے والی کمپنی کے ورکروں کے رہائشی کالونی میں گھسے تیندوے کو زندہ پکڑلیا ہے اور اسے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کیا گیا ہے۔ لوگوں نے وہاں پہنچے محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کی بے سروسامان ہونے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔ کھڑی کے ھرنیھال علاقے میں اتوار کی صبح زیر تعمیر ریلوے ٹنل کے ورکروں کی رہائشی کالونی میں گھسے اس تیندوے کی وجہ سے وہاں خوف کا ماحول پیدا ہوا اور اس جنگلی درندے کو پکڑنے کیلئے بغیر ضروری ساز و سامان کے وہاں پہنچے محکمہ وائلڈ لائف کے ملازمین کی ناکامی کے بعد مقامی نوجوانوں اور ورکروں نے بڑی ہمت اور محنت کے بعد اس تیندوے کو قابو میں کرکے محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کیا ۔ اس دوران بانہال سے ایس ڈی پی او بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ پولیس ٹیم کے ساتھ علاقے میں پہنچے اور انکی نگرانی میں بچاؤ کاروائیاں انجام دی گئیں ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ واقع کی اطلاع محکمہ وائلڈ لائف کو دی گئی لیکن وہ تاخیر سے یرنیہال کھڑی پہنچے اور وہ تیندوے کو پکڑنے یا بے ہوش کرنے کیلئے ضروری ساز و سامان اور آلات کے بغیر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بے سرو سامان محکمہ کے ملازمین کی ناکامی کے بعد مقامی لوگوں نے کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اس تیندوے کو قابو کیا اور اسے باندھ کر محکمہ جنگلی حیات بانہال کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسے زندہ ہی پکڑنے میں محمد شفیع ، محمد قاسم ، عبدالرشید، پرویز احمد ، محمد اقبال ،شوکت ، ارشاد ، فاروق احمد نامی مقامی افراد اور ورکروں نے قابل ذکر کام انجام دیا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے اسے اپنی تحویل میں لینے کے بعد اس کی طبی جانچ شروع کی ہے ۔