بانہال // بانہال پولیس نے اْن تین آلٹو کار بردار لٹیروں کی شناخت کرلی ہے جو پیرکی شام بانہال میں سنسی خیز اور فلمی انداز میں ایک ہول سیلر دکاندار کے دو سے تین لاکھ روپئے کی رقم اور بہی کھاتوں سے بھرا بیگ لیکر فرار ہوئے تھے۔ اِن میں سے دو بھائی بھی شامل ہیں جو سمبل اور پٹن کے رہنے والے ہیں۔پولیس سٹیشن بانہال میں اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور کار کو ضبط کرکے پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ پیر کی شام اس واردات کے فوراً بعد دکاندار طارق احمد میر کے ہمراہ بانہال پولیس کی طرف سے پیچھا کرنے اور جواہر ٹنل کے آر پار پولیس چوکسی کی و جہ سے تینوں لٹیروں نے واردات میں انجام دی گئی اس کار کو جواہر ٹنل کے پار ویری ناگ ذگ پر چھوڑ دیا تھا اور خود وہ بانہال کے دکاندار سے لوٹے گئے بیگ کو اپنے ساتھ لیکر وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔یہ ہول سیل دکان میسرز کاکا رام مدن لعل کی ہے اور واردات کے وقت ان کا ایک شراکت دار طارق احمد میر دکان پر موجود تھا اور شٹر بند کرنے کے دوران آلٹو کار میں منتظر سوار لٹیرے اْس کا بیگ اٹھا کر نو دو گیارہ ہوگئے تھے۔ پولیس ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ زیر نمبرJK 15 0649کی مدد سے گاڑی کے مالک کا پتہ چلایا گیا اور بعد میں بانہال پولیس کی ٹیمیں سمبل بانڈی پورہ اور سرینگر کیلئے روانہ کی گئی ہیں تاکہ ملزموں کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے فرار ملزموں کی شناخت شبیر احمد پرے اسکے بھائی سجاد احمد پرے ولد محمد زمان پرے ساکنہ سمبل ، بانڈی پورہ اور طفر احمد شاہ عرف ظفر مرچی ساکنہ پٹن ضلع بارہمولہ کے طور کی ہے۔ایس ایچ او بانہال ایجاز وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس کی طرف سے فوری طور پر ٹنل کے آر پار اس واقعہ کی خبر شئیر کی گئی اور پولیس کی فوری کاڑروائی اور چوکسی کی بدولت لٹیرے لوٹ کیلئے استعمال کی گئی اپنی آلٹو کار نمبر JK 15 0649کو شاہراہ پر ہی ویری ناگ ذگ کے پاس چھوڑ گئے اور خود لوٹے گئے بیگ کو لیکر وہ وہاں سے فرار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کے نمبر کی وجہ سے اس کے مالک شبیر احمد پرے ساکنہ سمبل کے گھر تک پہنچا جا سکا جہاں معلوم ہوا کہ وہ پیر کی صبح گھر سے کسی کام کیلئے نکلا ہے اور واپس نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمبل اور سرینگر کیلئے بانہال پولیس کی ٹیمیں روانہ کی گئی ہیں اور ان لٹیروں کی گرفتاری کیلئے سرینگر، سمبل اور پٹن پولیس کی بھی مدد لی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارہ گھنٹوں کے اندر اندر بانہال پولیس نے لوٹ کی اس واردات میں ملوث افراد کے گھروں پر دبش دی اور ان کی شناخت کرکے بانہال قصبہ میں پیش آئی اس واردات کا معمہ حل کرلیا ہے اور ملزموں گرفتاری کا کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی گرفتاری کیلئے کشمیر پولیس کی مدد لی جارہی ہے اور امید ہے کہ ملزم جلد ہی پولیس کی حراست میں ہوں گے۔