کشتواڑ//ضلع کے سرکاری دفاتر میں کلیریکل کیڈر کی ہڑتال سے کام و کاج مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ ہفتہ کے روز ضلع کے کلیریکل سٹاف نے ڈی سی آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا ۔یہ کلرک اپنے تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے لئے گُذشتہ 6دنوں سے ہڑتال پر ہیں۔ہڑتالی کلرکوں نے ہفتہ کے روز متعددسرکاری دفاتر پر اچانک چھاپہ مارا، تاکہ مکمل ہڑتال یقینی بنا یا جا سکے۔دریں اثنا ،ایسو سی ایشن کے ضلع صدر منصور احمد ڈولوال کی قیادت میں ایک وفدنے ضلع ٹریجری افسر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں کلرکل کیڈر کے بدلے دیگران کی جانب سے بلیں نکالنے سے واقف کرایا ۔جنھوں نے یقین دلایا کہ کلرک سٹاف کے بغیر کسی دیگر کو کسی بھی قسم کی بلیں پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثنا ، ایسو سی ایشن کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ایسوسی ایشن نے اپنی ہڑتال میں 3 مئی تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔