مینڈھر//معروف سیاحتی و مذہبی مقام شاہستار شریف میں جموں یونیورسٹی کاکیمپس قائم کرنے کیلئے محکمہ مال کی طرف سے مینڈھر سے 1255کنال اور 10مرلہ اراضی اور سرنکوٹ سے217کنال اور9مرلہ اراضی محکمہ تعلیم کو منتقل کرنے کے فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے سابق ممبرقانون سازکونسل و پی ڈی پی سینئر لیڈر محمد رشید قریشی نے کہاکہ سرنکوٹ اور مینڈھر کے وسط میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کافیصلہ لیکر وزیر اعلیٰ نے دوراندیشی کا مظاہرہ کیاہے ۔ اپنے ایک پریس بیان میں قریشی نے کہاکہ خطہ پیر پنچال میں آج تک جتنے بھی بڑے اور تاریخی کام ہوئے ہیں وہ پی ڈی پی کی دین ہے نہیں تو دیگر سیاسی جماعتوں خاص طور پر نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ لوگوںکا استحصال کیااور انہیں ذات برادری کے نام پر تقسیم کرکے اپنی سیاسی روٹیاں سینکی ۔قریشی نے کہاکہ پی ڈی پی کے بانی مرحوم مفتی محمدسعید نے خطہ پیر پنچال میں باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے قیام کے ساتھ ساتھ مغل شاہراہ کی تعمیر کا خواب شرمندہ تعبیر کیا اور انہی کی قیادت میں مینڈھر ، تھنہ منڈی ، بدھل ، سرنکوٹ اور دیگر مقامات پر کالجوں کا قیام عمل میں لایاگیا ۔ ان کاکہناتھاکہ مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ریاست کی موجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے یونیورسٹی کیمپس ایک مذہبی اور سیاحتی مقام پر قائم کرنے کافیصلہ لیاہے اور اس کے ساتھ ہی منڈی میں کالج کا قیام عمل میں لایاگیاہے جبکہ دیگر اہم پروجیکٹوںپر بھی جاری ہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ ڈنہ شاہستار میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے پر وزیر اعلیٰ ، وزیر تعلیم اور وزیر مال کے شکر گزار ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے دونوں تحصیلوں میں روزگار کے مواقع پید اہوںگے اور نہ صرف مقامی بلکہ باہر سے بھی طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ ملے گا۔ان کاکہناتھاکہ وزیر اعلیٰ کے حالیہ دورہ ٔ پونچھ کے دوران کئی وفود کی طر ف سے یونیورسٹی کیمپس شاہستار شریف میں کھولنے کا مطالبہ کیاگیاتھا۔قریشی نے مانگ کی کہ اسی مقام پر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کا کیمپس بھی کھولاجائے ۔انہوںنے کہاکہ بابا غلام شاہ بادشاہ ؒاس مقام پر بیٹھاکرتے تھے اور وہ کالابن سے ہوتے ہوئے سنئی سے گزر کر جاتے تھے ۔انہوںنے کہاکہ یہ علاقہ مذہبی مقام ہونے کے ساتھ صحت افزا اور انتہائی خوبصورت بھی ہے جسے تعلیمی ادارے کے قیام کیلئے بہت ہی معتدل کہاجاسکتاہے ۔انہوںنے پونچھ میں میڈیکل کالج اور کلسٹر یونیورسٹی قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاہے ۔انہوںنے اسی کی دہائی میں شروع ہوئے پرنئی پروجیکٹ کی تکمیل کی بھی مانگ کی ہے ۔