بجلی کرنٹ لگنے سے شہری زخمی
بدھل //بدھل میں ایک شہری بجلی کاکرنٹ لگنے سے زخمی ہوگیاہے ۔اس کی شناخت محمد شبیر ولد نظام دین ساکن ڈنڈوٹ بدھل کے طور پر ہوئی ہے جس کو صبح کے وقت اچانک بجلی کرنٹ لگ گیا ۔زخمی شہری کو بدھل ہسپتال لایاگیاجہاں اس کاعلاج کیاجارہاہے ۔
طالبعلم نے زہریلی شے نگل لی
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ کالس میں بارہویں جماعت کے ایک طالبعلم نے زہریلی شہ کھا لی جس کا ضلع ہسپتال راجوری میںعلاج کیاجارہاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس طالبعلم نے یہ سخت قدم اس وقت اٹھایا جب بارہویں جماعت کے نتائج میں اس کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی ۔ اس کی شناخت اسرار احمد ولد محمد شبیرکے طور پر ہوئی ہے جسے بیہوشی کی حالت میں ورثاء نے کمیوبٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی لایا جہاں ڈاکٹروں نے اسکے معدے کی صفائی کرکے اسے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کردیا۔پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شرو ع کردی ہے ۔
یونیورسٹی کیمپس کے فیصلے کی سراہنا
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//ڈنہ شاہستار میں یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر کے فیصلے پر پی ڈی پی یوتھ لیڈر بالاکوٹ محمد ظہیر خان نے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سراہنا کی ہے ۔انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہاکہ محبوبہ مفتی نے خطہ پیر پنچال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور 1255کنال اراضی محکمہ تعلیم کو دے کر یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ تاریخی ہے ۔انہوںنے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید نے خطہ پیر پنجال میںبابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ،مغل روڈ کے علاوہ ڈگری کالج مینڈھر،ڈگری کالج سرنکوٹ جیسے ادارے بنائے اورانہی کی نقش قدم پر چلتے ہوئے محبوبہ مفتی نے بھی اہم کام کئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ شاہستار ایک سیاحتی و مذہبی مقام ہے جو سرنکوٹ اور مینڈھر کے وسط میں واقع ہے جہا ں یونیورسٹی کیمپس بننے سے دونوں تحصیلوں کو ہی نہیں پورے ضلع کو فائدہ پہنچے گا اور ساتھ ہی مقامی علاقے ترقی کرسکیںگے ۔انہوںنے وزیر اعلیٰ کے دیگر اقدامات پر بھی ان کی ستائش کی ۔
گریف کی گاڑی ضبط
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی میںپولیس نے گریف کی ایک ضبط کرلی ہے ۔یہ گاڑی عوامی جائیداد کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ضبط کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایس ڈی پی او تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری کی قیادت میں ٹیم معمول کی گشت پر تھی جس دوران گریف کی ایک گاڑی کو سڑک کو تباہ کرتے ہوئے پایاگیا جس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے گاڑی ضبط کرلی اور اس سلسلے میں قانون کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔
عمر بشیر کی کامیابی پر مینڈھر کے لوگ مسرور
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر// تحصیل مینڈھر کے گائوں سلواہ سے تعلق رکھنے والے عمر بشیر نے ایک بار پھر آئی اے ایس امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے مینڈھر کا نام روشن کیا ہے۔ اس سلسلہ میں مینڈھر سے تعلق رکھنے ولاے کئی لوگوں نے عمر بشیر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوجوان نے اپنی جدوجہد جاری رکھ کر مینڈھر کا نام روشن کیاہے اور اب ا س سے بہت زیادہ امیدیں ہیں ۔عمر بشیر نے گزشتہ سال بھی آئی اے ایس کا امتحان پاس کیا تھا لیکن اس وقت ان کا رینک1087نمبر پر تھا تاہم انہوںنے ہمت نہیں ہاری اور دوبارہ محنت کرتے ہوئے ایک بار پھر اس امتحان میں اچھے رینک کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے ۔ان کا اس سال رینک 843رہاہے ۔
واپس بھیجاگیا پاکستانی زیر انتظام کشمیر کا لڑکا گھر پہنچا
سمت بھارگو
راجوری //22اپریل کو بالاکوٹ سیکٹر سے ہندوستانی حدودمیں داخل ہونے والا پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے نکیال سیکٹر کا 14سالہ لڑکا واپس اپنے گھر پہنچ گیاہے ۔ اسے فوج نے چکاں داباغ کے راستے 25اپریل کو واپس بھیج دیاتھا ۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ لڑکا اپنے گھر گزشتہ شام کو پہنچا جہاں اس کا مقامی لوگوں اور رشتہ داروںنے والہانہ استقبال کیا ۔مقامی لوگوںنے جذبہ خیر سگالی پرسراہنا کی ہے ۔واضح رہے کہ چودہ سالہ محمد زاہد ولد محمد عارف ساکن کنڈی نکیال کو بائیس اپریل کو فوج نے بالاکوٹ سے گرفتا رکرکے پولیس کے حوالے کیا اور دوران تحقیقات یہ بات سامنے آئی کہ یہ لڑکا ذہنی مریض ہے ۔اس کے بعد اسے چکاں داباغ کے راستے واپس بھیج دیاگیا۔
کوہلی نے دھنون ڈیلوٹ سٹیل گرڈ رپُل کا سنگ بنیاد رکھا
راجوری//وزیر برائے اینمل اینڈ شیپ ہسبنڈری وماہی پروری عبدالغنی کوہلی نے کالاکوٹ کے دھنوں ڈیلوٹ علاقے میں سٹیل گرڈر پُل کا سنگ بنیاد رکھا۔پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت تعمیر ہورہے اس پُل پر 4.29کروڑ روپے کی لاگت آرہی ہے۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بہتر سڑک رابطے تعمیر وترقیاتی عمل کے لئے انتہائی اہم ہیں اور سرکار اس شعبے کی طرف ٹھوس توجہ مبذول کررہی ہے۔انہوںنے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی،بی اے ڈی بی ،سی آر پی ایف اور دیگر سکیموں کے تحت ریاست بھر میں نئی سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے۔جب کہ بہت ساری شاہرائوں کو ترقی دی جارہی ہے۔بعد میں عبدالغنی کوہلی نے ڈیولین علاقے میں ایک عوامی دربار سے بھی خطاب کیا جس میں بڑ ی تعداد میں مقامی لوگوں کے علاوہ ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی اور اپنے کئی معاملات اورشکایات کو اجاگر کیا۔وزیر موصوف نے عوامی وفود اور شکایات کو اجاگر کیا۔وزیر موصوف نے عوامی وفود اورلوگوں کو یقین دہانی دی کہ اُن کے جائز مطالبات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔
شوکت کاظمی نے منڈی میں محکمہ مال کی تجدید کا جائزہ لیا
عشرت بٹ
منڈی//پیر پنچال سروے اور زمینی ریکارڈ کے علاقائی ڈائریکٹر سیّد شوکت کاظمی نے تحصیل منڈی کا دورہ کر کے مال گزاری کے ریکارڈ اپڈیشن کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی ایل آر ایم پی کے تحت مال گزاری کی اپڈیشن کی حالت کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ مال گزاری کے آفیسران اور دیگر ملازمین کی ایک میٹنگ تحصیل کمپلیکس منڈی میں منعقد ہوئی جس میں پیر پنچال کے سروے اور مال گزاری ریکارڈ کے ڈائریکٹر سیّد شوکت حسین کاظمی نے مال گزاری ریکارڈ کی وقت پر اپڈیشن کر کے اسے اختتام کرنے پر زور دیا تاکہ ڈیجیٹل انڈیا اراضی ریکارڈ موڈرنائزیشن پروگرام کو کامیابی کے ساتھ اس کے دئے گئے وقت کے مطابق لاگو کیا جا سکے۔انہوں نے ملازمین کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ جمع بندی لکھتے وقت پورا خیال رکھیں تاکہ اس کی خوبی برقرار رہ سکے۔سید شوکت حسین کاظمی نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی ایل آر ایم پی پروگرام حکومت کی جانب سے اگست 2008 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد زمینی ریکارڈ کے انتظام کو جدید شکل دینا، زمینوں کو لے کر جھگڑوں کو کم کرنا اور ریکارڈ کی شفافیت کو یقینی بناناہے ۔انہوںنے بتایا کہ اس حوالے سے وہ لگاتار جائزہ لیتے ہیں تاکہ یہ اس کام کو وقت پر پورا کر کے لاگو کرنے میں کوئی پریشانی نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ اسی سلسلہ میں تحصیل کمپلیکس منڈی میں مال گزاری کے آفیسران اور عملہ کے ساتھ ایک میٹنگ کی گئی جس میں ریکارڈ اپڈیشن کا جائزہ لیا گیا اور ان کو اس حوالے سے سرعت لانے کی ہدایات جاری کی گئی ۔ اس موقعہ پر تحصیلدار منڈی ظہیر رانا نے ریکارڈ اپڈیشن کے حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ اب تک گیارہ جمع بندی مکمل کی جا چکی ہیں اور بقیہ بنائی جا رہی ہیں جن کو وقت رہتے ہی مکمل کر دیا جائے گا۔میٹنگ میں تحصیلدار منڈی ظہیر رانا اور نائب تحصیلدار عابد حسین صفوی وگرداور محمد شفیع و پٹواری بھی موجو دتھے۔
متعصب وکلاء ملک کی سالمیت کیلئے خطرہ: جہانگیر میر
حسین محتشم
پونچھ//قانون سا زکونسل کے سابق ڈپٹی چیئرمین جہانگیر میر کٹھوعہ ملزمان کے وکیل کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ متعصب وکلاء ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں ۔یوتھ انٹریکچول فورم پونچھ کے بینر تلے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر حسین میر نے کہا کہ اس وقت گجر طبقہ کے خلاف جو بیان بازی کی جا رہی ہے وہ اس کی کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وکیل انکور شرما نے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ گجروں سے دودھ نہ لیا جائے، ان سے روابط ختم کئے جائیںاوران کی کسی طرح سے بھی مدد نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو یہاں کے وکلاء جن میں پنڈت جواہر لعل نہرو شامل ہیں، نے ایک مسلمان کا کیس بیرون ملک جا کر لڑااور ایسے ایسے وکلاء ہیں جنہوں نے کیس کی پیروی کرتے ہوئے اپنے گھروں میں ہونے والی اموات کی تک فکر نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ ایک ذمہ دار وکیل اس طرح کی بیان بازی کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کا گجر مسلمان ہے اس لئے اس سے نفرت کی جا رہی ہے وگرنہ پورا ہندوستان گوجروں سے بھرا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا گوجر صرف دودھ ہی نہیں بیچتا بلکہ ریاست میں بڑے بڑے سیاستدان ، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، آئی ای ایس اور کے اے ایس اس طبقہ کے ہیں جو بڑے بڑے عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انکور شرما وکیل کے بیان سے صرف گوجر طبقہ کو نہیں بلکہ پوری قوم مسلم کو دکھ ہوا ہے جس کی وہ کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے پڑھے لکھے
طبقے سے اپیل کی کہ اس بارے میں غور و خوص کرکے سامنے آئیں ،صحیح اور غلط کی پہچان عوام کو کروائیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فرقہ واریت کو شے دینے والوں پر لگام لگائی جائے اور ہر مکتب فکر کے لوگوں کی جان مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔اس دوران ایڈووکیٹ لعل حسین اوراعجاز احمد مدنی نے بھی غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وکیل انکور شرما کے گجر طبقہ کیلئے دیئے گئے بیان کی کڑی مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت وکیل طبقہ کو عوام کے حق میں آگے آنا چاہیے اور کام کرنا چاہیے لیکن اس وقت کچھ وکیل ہی فرقہ واریت کو بڑھاوا دینے کا کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ قتل کیس نے پوری دنیا میں ہندوستان کا سر خم کر دیا ہے۔
مدرسہ اشرفیہ نور الاسلام کھنیترمیںسالانہ جلسہ دستا ر بندی
حسین محتشم
پونچھ//مدرسہ اشرفیہ نور الاسلام کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ و تقسیم اسناد کی تقریب منعقد ہوئی ۔اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بہت ہی محکم انداز میں اس کائنات کو رچایا اور بسایااوراس کائنات میں جن و انس کی خلقت فرمائی اور ان کی ہدایت و رہنمائی کے لئے نبیوں اور رسولوں کا سلسلہ جاری فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ رسولوں کی آمد کا یہ سلسلہ آخری نبی جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے ساتھ منقطع ہوگیا تو رب تعالیٰ نے انبیاء کرام کے مشن کی انجام دہی کے لئے علمائے کرام کی جماعت تیار فرمائی۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام حقیقی معنوں میں سماج و معاشرہ کی اصلاح کے اولین ذمہ دار اور انسانیت کے حقیقی بہی خواہ ہیںجن کے کاندھوں پر اللہ نے یہ ذمہ داری ڈالی ہے کہ عوام کو سیدھی راہ دکھائیں اور کتاب و سنت کی توضیح و تفسیر اور دعوت و ارشاد کا فریضہ عائد کیا ہے۔اس اجلاس کے دوران صدر علماء اہلسنت راجوری مولانا فاروق حسین نقشبندی ایتی نے کہا کہ کسی بھی قوم کے نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں ، جو اپنی قوم میں نئی زندگی اور انقلاب کی روح پھونکنے کا کام کرتے ہیںکیونکہ وہ ثمر آورتوانا، تازہ دم اور خداداد صلاحیتوں سے مصلح ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بیشتر قوموں کی بیداری اور ان کے انقلاب کا سہرا نوجوانوں کے ہی سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بحیثیت ہم اسلامی تاریخ کے چند بڑے انقلابوں پر نظر دوڑائیں تو فرعون جیسے ظالم و جابر کے خلاف حضرت موسیٰ علیہ السلام کی دعوت پرلبیک کہنے والے چند نوجوان ہی تھے جنہوں نے مصائب کی پروانہ کرتے ہوئے علم حق بلند کیا۔ انہوںنے کہا کہ شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال بھی نوجوانوں سے بہت زیادہ پر امید تھے اور ان کی ساری امیدیں نوجوانوں سے وابستہ نظر آتی ہیں اور ان کا شاہین کا تصور بڑا واضح ہے۔اس موقعہ پر مدرسہ ہذا کے سربراہ مولانا حافظ محمد معشوق اشرفی نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے معیار تعلیم کویقینی بہتر بنا نا ہوگا لہٰذاوقت کی ضرورت ہے کہ مسلم نوجوان علم و عمل کی دولت سے لیس ہو ،ا س وقت پوری دنیا میں انسانی ہمدردی و اخوت کا احساس و شعور معدوم ہو چکا ہے اور کوئی اگر اس کو زندکر سکتا ہے تو وہ نوجوان ہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ طلباء ملک و قوم کا سرمایہ اور مستقبل ہیں ، انہیں دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا اور بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہیے اور حکومت طلباء کو بہترین تعلیمی ماحول مہیا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے۔ اس موقعہ پر مولانا عبدالمجید قادری ،مولانا حافظ عبد المجید قادری سربراہ اعلی جامعہ انوار العلوم ،الحاج جہانگیر حسین میر، مدرسہ کے طلبہ نے تقاریر کی جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا حافظ عبد القدیر اشرفی نے انجا م دیئے۔
ہیڈ ماسٹر مذکور حسین شاہ ملازمت سے سبکدوش
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے سنئی علاقے سے تعلق رکھنے والے ہیڈ ماسٹر مذکور حسین شاہ محکمہ تعلیم میں40سالہ خدمات کے بعد سبکدوش ہوگئے ہیں ۔انہوںنے زونل ایجوکیشن افسر،زیڈ ای پی او اور ہیڈ ماسٹر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں اور انہیں ایک خوش اخلاق اور ایمانداری افسر کے طور پر جاناجاتاہے ۔ ان کی سبکدوشی کے سلسلے میں تقاریب منعقد کی گئیں جس دوران مقررین نے ان کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ آج کل کے اساتذہ کے ان سے تحریک لینی چاہئے جنہوںنے کبھی فرض منصبی کے ساتھ کوتاہی نہیں کی اور طلباء کی تعلیم وتربیت کو اپنا فرض جانا ۔ مقررین نے کہاکہ مذکور حسین شاہ محکمہ میں ایک الگ ہی پہچان رکھتے ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ موصوف نے دوسروںکے ساتھ ہمدردی کی اور اسی کے صلے میں ان کے فرزندان آج اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں ۔
حضرت علی اکبر ؑ کے یوم ولادت پر محفل جوانان منعقد
پونچھ//۱۱ شعبان المعظم سنہ ۳۳ ہجری کو فرزند حسین ؑ شبیہ رسول ؐ حضرت علی اکبر سلام اللہ علیہ کا یوم ولادت ہے۔اس مبارک موقعہ پر انتظامیہ کمیٹی مسجد اہلبیت بچتر نگر پونچھ کی جانب سے ایک محفل کا اہتمام بعنوان یوم جوانان کیا گیاجہاں عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس محفل کا آغاز حسب دستور تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد مقامی ثنا خواں حضرات نے نعت، منقبت اور قصائد کا نذارانہ پیش کیا۔ دوران محفل مولانا سید سجاد حیدر قمی نے خطاب کرتے ہوئے تمام عالم اسلام خصوصی طور پر سبھی جوانوں کو تبریک و تہنیت پیش کی اور کہا کہ امام حسین ؑ کے اس فرزند نے میدان کربلا میں اپنے والد کے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’’جب حق پر قائم ہیں تو ہمیں موت کا کوئی ڈر نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کربلا سے جو درس حضرت علی اکبرؑاور دوسرے شہداء سے ملا ہے ،اگر سبھی اس پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا میں امن و امان قائم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل بالخصوص دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے کربلا کے شیر دل جوانوں کے نقش قدم کو مشعل راہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے یوسف کربلا شہزادہ علی اکبر ؑ کے جذبہ قربانی کو ہر دور کے نوجوانوں کیلئے نمونہ کامل قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ دشتِ کربلا میں موذنِ حسینیت ؑ کی صدائے تکبیر آج بھی باطل کے ایوان کو لرزہ براندام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امام عالی مقامؑ کے کڑیل جوان بیٹے نے جذبہ شہادت اور یزیدی افواج کے مقابلے میں جرات و شجاعت کے عملی مظاہرے سے ہر دور کی باطل قوتوں سے نبردآزما ہونے کا سلیقہ سکھایا۔انہوں نے کہا کہ ہر دور کے حق پرستوں کو حق کی راہ میں جان دینے کا سلیقہ حضرت علی اکبرؑ نے سکھایا۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ سالہ کڑیل جواں علی اکبر ؑ گفتار و رفتار اورکردارِ رسول ؐ کا پیکر تھے۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی اکبرؑ نورِ حق کی کلی اور ولی اعظم کے ولی تھے جن کا تمام رنگ و روپ اسلام کے بانی کی طرح اور بچپن محمدؐکی جوانی کی طرح تھا۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی اکبر ؑ شاہ شہیداں کے انمول چاند ہیں جن کی ضو سے ہر دور کے جوان اپنے کردار و عمل کو مشیتِ خداوندی کے سانچے میں ڈھال سکتے ہیں۔ محفل کے اختتام پر علمائے حق کی صحت و سلامتی ، عالم اسلام کی سر بلندی اور وطن کے استحکام و ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
نوشہرہ میں ایل ای ڈی بلب تقسیم
رمیش کیسر
نوشہرہ //گرام سوراج ابھیان کے تحت نوشہرہ میں محکمہ بجلی نے ایک تقریب منعقد کرکے صارفین میں ایل ای ڈی بلب تقسیم کئے ۔ محکمہ بجلی نوشہرہ کی جانب سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ایگزیکٹو انجینئر منشی خان نے بجلی صارفین میں ایل ای ڈی بلب تقسیم کئے ۔اس موقعہ پر انہوںنے کہاکہ ان بلبوں کے استعمال سے بجلی کا خرچہ کم ہوجاتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ یہ بلب صارفین کو پچاس روپے میں دیاجارہاہے جبکہ بازار میں اس کی قیمت بہت زیادہ ہے ۔ اس موقعہ پر اے ای ای بھی موجو دتھے ۔