ڈوڈہ //حاجی پبلک اسکول ڈوڈہ کی طالبہ 12سالہ کلثوم بانو بٹ ہیری پوٹرکی مصنفہ جے کے رولنگ زبردست پرستار ہے ۔ اس نے ایک مضمون لکھ کر جے کے رولنگ کے ساتھ ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تو کلثوم کی ٹیچر نے کلثوم کے تحریر کردہ مضمون کی ایک تصویر ٹویٹر پر ڈال دی ۔ انگریز ی زبان میں تحریر کردہ اس مضمون میں کلثوم نے لکھا ہے کہ وہ رولنگ سے صرف اس لئے متاثر نہیں ہوئی ہے کہ وہ اچھا لکھتی ہے بلکہ اس لئے مصنفہ نے کئی مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود ہمت نہیں ہاری۔ حاجی پبلک اسکول کی ڈائریکٹر ،صبا حاجی نے کلثوم کی ٹیچر کے اس پوسٹ کو ری ٹویٹ کر کے جے کے رولنگ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمالیائی قصبہ میں نئی نسل کی انگریزی کی ایک طالبہ ایک دن آپ سے ملاقات کی خواہاں ہے ، برائے مہر بانی #HajiPublicSchool”. پر رابطہ کریں‘۔صبا حاجی، حاجی پبلک اسکول ڈوڈہ کی ٹیچر اور کلثوم بٹ کی حیرت کی اس وقت کوئی انتہا نہ رہی جب کہ ہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے رولنگ @jk_rowlingنے مائیکرو بلاگ پر اس پیغام کے جواب میں کلثوم کا پورا نام بھیجنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میں اسے کچھ تحفہ دینا چاہتی ہوں ۔ صبا حاجی نے کلثوم کی تصویر اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کر دی ہے ۔